کھیل

گوتم نے تلخ کلامی کا واقعہ آج تک نہیں بھلایا: آفریدی

شاہد آفریدی کے مطابق عام طور پر پاکستانی اور ہندوستانی کھلاڑیوں کا رویہ دوستانہ ہوتا ہے،لیکن گوتم گھمبیر کا کیس الگ ہے۔

کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی کا کہنا ہے کہ ہندوستانی کھلاڑی گوتم گھمبیر 2007 میں ان کے ساتھ ہونے والے تلخ کلامی کے واقعے کو اب تک بھلا نہیں سکے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والے اپنے ایک کالم میں شاہد آفریدی نے لکھا کہ عام طور پر پاکستان اور ہندوستان کے کھلاڑیوں کا ایک دوسرے کے ساتھ دوستانہ رویہ ہوتا ہے، لیکن گوتم گھمبیر کا کیس الگ ہے۔

انھوں نے لکھا، 'گوتم گھبیر بالکل بھی دوستانہ نہیں ہیں اور اس بات کا امکان نہیں ہے کہ ہم کسی کافی شاپ میں ایک ساتھ پائے جائیں'۔

شاہد آفریدی نے دعویٰ کیا کہ وہ اس واقعے کے بعد آگے بڑھ گئے تھے اور اسے 'کھیل کا حصہ' سمجھا تھا، لیکن گوتم نے شاید کسی وجہ سے اس واقعے کو اب تک نہیں بھلایا، میری نیک خواہشات ان کے ساتھ ہیں!'

مزید پڑھیں: پل پل رنگ بدلتے کپتان شاہد آفریدی

تاہم ان کا کہنا تھا کہ یووراج سنگھ، ہربھجن سنگھ اور ظہیر خان ان کے اچھے دوستوں میں سے تھے اور جب بھی دونوں کرکٹ ٹیمیں ایک دوسرے کے ممالک کا دورہ کرتی تھیں تو وہ سب بہت اچھا وقت گزارتے تھے۔

اپنے کالم میں ایک دلچسپ واقعہ بیان کرتے ہوئے آفریدی نے لکھا کہ ایک مرتبہ انھوں نے دورہ پاکستان پر آئی ہوئی ہندوستانی ٹیم کو کراچی میں واقع اپنی رہائش گاہ پر مدعو کیا تھا، لیکن اس موقع پر وہ مہمانوں کی ترجیحات کے مطابق مینیو ترتیب دینا بھول گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: شرٹ کے تحفے پر آفریدی کا کوہلی کے نام پیغام

آفریدی نے لکھا، 'ہم نے اسپیشل پٹھان اسٹائل خالص کھانا تیار کیا، جس میں بھیڑ اور بکرے کے گوشت کی ڈشز شامل تھیں، جب کھانا پیش کیا گیا تو کمرے میں مکمل خاموشی تھی اور میرے ہندوستانی دوست ایک دوسرے کو دیکھ رہے تھے، اُس وقت مجھے احساس ہوا کہ میرے معزز اور قابل احترام مہمان اس طرح کے کھانے نہیں کھاتے'۔

شاہد آفریدی نے اپنے کالم میں ویرات کوہلی کی بہت تعریف کی اور لکھا کہ 2016 میں میچ کے بعد اپنی شرٹ بطور تحفہ دینے پر وہ ویرات کوہلی کو ہمیشہ یاد رکھیں گے'۔

یہ خبر 5 مئی 2017 کے ڈان اخبار میں شائع ہوئی