Dawn News Television

شائع 26 مئ 2017 12:07am

سلو اوور ریٹ کے سبب جنوبی افریقی ٹیم پر جرمانہ

انگلینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں سلو اوور ریٹ پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے جنوبی افریقہ ٹیم پر میچ فیس کا 10فیصد جرمانہ عائد کردیا۔

جنوبی افریقہ اور انگلیند کے خلاف سیریز کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم سلو اوور ریٹ کی مرتکب قرار پائی اور مقررہ اوورز سے ایک اوور پیچھے رہی جس کے سبب ٹیم پر دس فیصد اور کپتان اے بی ڈی ویلیئرز پر 20فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا۔

آئی سی سی کے قوانین اور ضابطہ اخلاق کے مطابق فی اوور کے لحاظ سے کھلاڑی پر 10فیصد اور کپتان پر اس سے دگنا جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔

ڈی ویلیئرز نے اپنی غلطی مانتے ہوئے سزا کو تسلیم کر لیا جس کے بعد باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔

اگر ڈی ویلیئرز آئندہ 12 ماہ میں دوبارہ سلو اوور ریٹ کے مرتکب قرار پاتے ہیں تو انہیں پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

واضح رہے کہ ہیڈنگلے میں کھیلے تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو 72 رنز سے شکست دے کر سیریز میں برتری حاصل کر لی تھی۔

Read Comments