Dawn News Television

اپ ڈیٹ 28 مئ 2017 04:35pm

دورہ انگلینڈ: جنوبی افریقی ٹیم کی سیکیورٹی بڑھانے کی یقین دہانی

انگلش کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے مانچسٹر میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کے بعد جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم کو سیکیورٹی مزید بڑھانے کی ضمانت دے دی تاکہ مہمان ٹیم اطمینان کے ساتھ اپنا دورہ مکمل کر سکے۔

کرکٹ کی بڑی ویب سائٹ کرک انفو کی ایک رپورٹ کے مطابق جنوبی افریقی ٹیم کے مینیجر محمد موسیٰ جی نے بتایا کہ گذشتہ ہفتے ہونے والے دہشت گرد حملوں کی وجہ سے جنوبی افریقی ٹیم کے کھلاڑیوں کو سیکیورٹی کے حوالے سے خدشات تھے، خصوصی طور پر مانچسٹر کے حوالے سے کیونکہ جنوبی افریقہ کو انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کا آخری میچ مانچسٹر میں ہی کھیلنا ہے۔

جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم چیمپئینز ٹرافی کے لیے سب سے پہلے انگلینڈ پہنچی تھی، جہاں اسے ٹورنامنٹ سے قبل میزبان انگلینڈ کے خلاف تین ایک روزہ میچوں پر مشتمل دوطرفہ سیریز کھیلنا تھی جس کے بعد دونوں ٹیمیں آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی 2017 میں مشغول ہوجائیں گی۔

چیمپئینز ٹرافی کے بعد جنوبی افریقی ٹیم برطانیہ میں مزید دو ماہ تک قیام کرے گی جہاں وہ انگلش ٹیم کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ سیریز بھی کھیلے گی۔

مزید پڑھیں: پاک بھارت میچ: ’دباؤ جھیلنے والی ٹیم کامیاب ہو گی‘

جنوبی افریقی ٹیم کے مینیجر نے کہا ’ ٹیم کے کھلاڑیوں میں بے چینی پائی جارہی ہے جس پر صبح ناشتے کے دوران کافی گفتگو ہوئی تاہم میں اس بات پر خوش ہوں کہ ہم انگلش بورڈ اور سیکیورٹی مینیجر سے رابطے میں تھے‘۔

انہوں نے بتایا کہ برطانوی حکام کی جانب سے انہیں یقین دلایا گیا ہے اور ضمانت دی گئی ہے کہ ٹیم کی سیکیورٹی کے انتظامات کو مزید بڑھایا جائے گا۔

جنوبی افریقی ٹیم کے مینیجز کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہیں باور کرایا گیا ہے کہ ان کے اسٹیڈیم، پریکٹس سیشن اور ان کے ہوٹل پر مزید پولیس کی نفری تعینات کی جائے گی۔

یاد رہے کہ برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں واقع برٹش ایرینا میں 22 مئی کو ایک خودکش دھماکہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں میں 22 افراد ہلاک جبکہ 50 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: چیمپیئنز ٹرافی میں انگلینڈ سب سے مشکل ٹیم قرار

انگلینڈ میں منعقد ہونے والے آئی سی سی چیمیئنز ٹرافی کے 8ویں ایڈیشن میں شریک دیگر غیر ملکی ٹیموں نے مانچسٹر دھماکا کے بعد ایونٹ کے دوران سیکیورٹی خدشات کا اظہار کیا تھا۔

یکم جون سے برطانیہ میں چیمپیئنز ٹرافی کا آغاز ہو گا جس کے میچز اوول، کارڈف اور ایجبسٹن میں کھیلے جائیں گے جو 18 جون تک جاری رہیں گے اس کے علاوہ انگلینڈ 24 جون سے تین شہروں میں ویمنز ورلڈ کپ کا بھی آغاز ہو گا۔

مانچسٹر میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے چیمپیئنز ٹرافی اور ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کی سیکیورٹی کا جائزہ لینے اور کھلاڑیوں کی حفاظت کیلئے اسے مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ہمیں ان دھماکوں میں ہونے والے جانی نقصان پر بہت افسوس ہے جبکہ ٹورنامنٹ کے سیکیورٹی ڈائریکٹوریٹ، انگلش کرکٹ بورڈ اور دیگر متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر مکمل حفاظت فراہم کرتے ہوئے سخت ترین سیکیورٹی پلان یقینی بنائیں گے۔


Read Comments