Dawn News Television

اپ ڈیٹ 28 مئ 2017 11:52pm

جنوبی افریقی بلے باز رچرڈ لیوی سر پر گیند لگنے سے زخمی

جنوبی افریقی بیٹسمین رچرڈ لیوی انگلش کاؤنٹی کے میچ میں سر پر گیند لگنے سے زخمی ہو گئے جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔

انگلش کاؤنٹی کے سیکنڈ ڈویژن کے میچ میں ووسٹرشائر کے خلاف نارتھ ہیمپٹن شائر کی جانب سے کھیلتے ہوئے رچرڈ لیوی زخمی ہوئے۔

میچ میں ووسٹرشائر کے جوش ٹونگ کی گیند 29 سالہ لیوی کے ہیلمٹ پر لگی جس کے بعد وہ زمین پر ڈھیر ہو گئے اور انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

جب رچرڈ لیوی کے سر پر گیند لگی، اس وقت وہ 28 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے لیکن انجری کے سبب وہ ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئے۔

بعد میں ایک ٹوئٹ کے ذریعے رچرڈ لیوی نے اپنی صحتیابی کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

یاد رہے رچرڈ لیوی جنوبی افریقہ کی جانب سے تیز ترین ٹی20 انٹرنیشنل سنچری بنانے کا ریکارڈ رکھتے ہیں جو انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف 45 گیندوں پر سنچری بنا کر حاصل کیا تھا۔

Read Comments