Dawn News Television

شائع 08 جون 2017 04:21pm

شوہر کا مذاق وزن کم کرنے کا بہانہ بن گیا

وزن کم کرنا کوئی آسان کام نہیں لیکن امریکا میں رہنے والی خاتون بیٹسی ایالا نے یہ ثابت کردیا کہ اگر انسان کچھ حاصل کرنا چاہے تو پھر کوئی بھی اسے روک نہیں سکتا۔

کسی کا شوہر اسے دھوکا دے رہا ہو یہ واقعی ایک ناخوش گوار بات ہے لیکن پھر وہی شوہر اپنی دوست کے ساتھ مل کر اپنی بیوی کے وزن کا مذاق اڑائے تو اس سے زیادہ بُری اور کوئی بات نہیں ہوگی، اور بیٹسی ایالا کے ساتھ کچھ ایسا ہی ہوا۔

انڈیپینڈنٹ کی رپورٹ کے مطابق ہیوسٹن میں رہنے والی ایالا نے اپنی بیٹی کی پیدائش کے چند ماہ بعد اپنے شوہر کے فون میں ان کی دوست کے پیغامات پڑھے جب انہیں اس بات کا اندازہ ہوا کہ ان کا شوہر انہیں دھوکا دے رہا ہے۔

اور صرف یہی نہیں وہ ان کے وزن کا بھی مذاق اڑاتے ہیں۔

34 سالہ ایالا کے مطابق ’میں اپنے شوہر کے ساتھ تب سے ہوں جب میں 17 سال کی تھی، میں نے اپنے رشتے کو بہت کچھ دیا‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’مجھے جب اس بات کا اندازہ ہوا کہ وہ مجھے دھوکا دے رہا ہے تو میں ٹوٹ گئی، میں نے ایسے پیغامات بھی پڑھے جن میں وہ اور ان کی دوست مجھے گائے اور موٹی بلاتے تھے‘۔

ایالا کے مطابق ’اس وقت میں نہیں جانتی تھی کہ مجھے کیا کرنا چاہیے، اس وقت بھی میرا وزن 100 کلو سے زیادہ تھا، میرے ساتھ میری 6 ماہ کی بیٹی تھی اور سب کچھ بدل چکا تھا‘۔

اس کے بعد ایالا نے اپنا 48 کلو وزن کم کیا، وہ پہلے سے اپنا وزن کم کرنے کی کوشش کررہی تھیں تاہم ان کے شوہر اور دوست کے پیغامات پڑھنے کے بعد انہیں ایسا کرنے کے لیے زیادہ ہمت ملی۔

انہوں نے اپنا وزن کم کرنے کے لیے چینی سے بنی اشیاء اور جنک فوڈ سے پرہیز کیا۔

ایالا نے ساتھ ساتھ جِم جانا بھی شروع کیا جس کے بعد 2 سالوں میں وہ اپنے اندر ایسی تبدیلی لے آئیں کہ وہ وزن کم کرنے کی کوشش میں مصروف لوگوں کے لیے ایک مثال بن گئیں۔

اس وقت ایالا کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر 72000 فالوورز ہیں جو ان کی کہانی سے متاثر ہیں۔


Read Comments