Dawn News Television

اپ ڈیٹ 12 جولائ 2017 06:43pm

چینی شخص کی 30 انچ لمبی آنت کی سرجری

چین کے ہسپتال میں ڈاکٹرز نے ایک شخص کے ایسے مرض کا آپریشن کیا جو بہت کم لوگوں میں ہونے کے علاوہ کافی تکلیف دہ بھی تھا۔

دی سن کی رپورٹ کے مطابق یہ شخص جس کا نام ظاہر نہیں کیا گیا ایک ایسی بیماری میں مبتلا تھا جس کے باعث اسے زندگی بھر قبض کا سامنا کرنا پڑا۔

22 سالہ شخص کو پیدائش سے ہی Hirschsprung نامی بیماری کا سامنا کرنا تھا، اس بیماری کو ایچ ڈی بھی کہا جاتا ہے۔

اس بیماری کے شکار انسان کی بڑی آنت کے اندر موجود عضلات میں کچھ اعصاب کی کمی ہوتی ہے جس کے باعث جسم سے اسٹول خارج نہیں ہوپاتا۔

فوٹو بشکریہ/ دی سن

اس مرض کے نتیجے میں متاثرہ شخص کا پیٹ بہت کم عمری سے ہی حد سے زیادہ بڑھنے لگتا ہے۔

اس چینی شخص نے قبض سے نجات حاصل کرنے کے لیے کئی ادویات کا استعمال بھی کیا تاہم کوئی فائدہ نہیں ہوا۔

رپورٹ کے مطابق جب ڈاکٹر نے اس شخص کا پیٹ دیکھا تو حیران رہ گئے ،انہیں ایسا لگا یہ کسی بھی وقت پھٹ سکتا ہے۔

بعدازاں ڈاکٹرز نے اس شخص کا طبی معائنہ کیا جس میں یہ سامنے آیا کہ گزشتہ کئی مہینوں سے اس کی بڑی آنت میں فضلہ جمع ہو رہا ہے۔

سرجری کے بعد ڈاکٹرز یہ دیکھ کر حیران ہوگئے کہ اس شخص کی بڑی آنت کی لمبائی 30 انچ تھی جس کا وزن 13 کلو ہوچکا تھا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ مریض کی حالت اب پہلے سے بہتر ہے۔

Read Comments