پاکستان

ایل او سی:بھارت کی بلااشتعال فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق

بھارتی فورسز نے چِری کوٹ سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کی جس سے 70سالہ شبیر خان جاں بحق ہوئے، آئی ایس پی آر
|

بھارت کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ایک بزرگ شخص جاں بحق ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فورسز نے چِری کوٹ سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کی، جس سے 70سالہ شبیر خان جاں بحق ہوگئے۔

بیان میں کہا گیا کہ پاک فوج کی جانب سے بھارتی فائرنگ کا بھرپور جواب دیا گیا۔

علاقے کے پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ’شبیر خان اپنے گھر کے صحن میں کچھ کام کر رہے تھے کہ اسی دوران بھارتی فوجی دستے نے انہیں فائرنگ کا نشانہ بنایا۔‘

حکام نے کہا کہ فائرنگ سے شبیر خان شدید زخمی ہوئے اور کچھ دیر بعد دم توڑ گئے۔

عسکری ذرائع کے مطابق بھارت رواں سال 400 سے زائد بار سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرچکا ہے جس میں متعدد شہری ہلاک و زخمی ہوئے۔

دو روز قبل بھی ایل او سی کے نکیال اور کیانی سیکٹرز پر بھارتی اشتعال انگیزی کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد زخمی ہوئے تھے۔