Dawn News Television

شائع 14 جون 2017 05:37pm

نوکیا 3310 کی پاکستان آمد

نوکیا فونز کی فروخت کا لائسنس رکھنے والی کمپنی ایچ ایم ڈی گلوبل نے جاز کی شراکت سے پاکستان میں نوکیا 3310 رواں ہفتے فروخت کے لیے پیش کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پرو پاکستانی کی رپورٹ کے مطابق نوکیا 3310 کل سے ڈسٹری بیوٹرز کو دستیب ہوگا اور صارفین آئندہ دو سے تین دن میں اسے خرید سکیں گے۔

مزید پڑھیں : نوکیا 3310 کی واپسی

پاکستان میں ایچ ایم ڈی گلوبل کے کنٹری ہیڈ کامران خان کے مطابق ' جاز کے ساتھ شراکت داری طویل المعیاد بنیادوں پر ہمیں پاکستانی موبائل فون صارفین کو اچھا تجربہ فراہم کرنے میں مدد فراہم کرے گی، جاز پاکستان کا سب سے بڑا موبائل نیٹ ورک ہے ، جو کہ فروری میں موبائل ورلڈ کانگریس کے بعد پاکستانیوں میں سامنے آنے والے جوش اور توقعات کو پوری کرنے میں مدد فراہم کرے گا'۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ دنیا کے بیشتر ممالک میں یہ فون گزشتہ ماہ فروخت کے لیے پیش کردیا گیا تھا تاہم پاکستان میں کافی تاخیر کے ساتھ آرہا ہے۔

ویسے تو یہ نیا ماڈل پرانے ورڑن سے کچھ زیادہ جدید ٹیکنالوجی سے لیس نہیں مگر اب کی بار یہ کلر اسکرین، کیمرہ، مائیکرو یو ایس بی چارجنگ پورٹ، ہیڈفون جیک، 16 ایم بی اسٹوریج، مائیکرو ایس ڈی کارڈ سلاٹ، بلیوٹوتھ اور 2.5 جی انٹرجیٹ جیسے اضافے ضرور کیے گئے ہیں۔

اس کی بیٹری پہلے سے بھی زیادہ طاقتور ہے اور ایک چارج پر لگاتار 22 گھنٹے تک فون کال کی جاسکتی ہے اور ایک مہینے کا اسٹینڈبائی ٹائم ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پرانے اور نئے نوکیا 3310 میں کیا فرق ہے؟

اب چار ماہ بعد آخرکار کمپنی نے اسے پاکستان میں فروخت کے لیے پیش کرنے کا اعلان کیا ہے، تاہم قیمت اب تک سامنے نہیں آسکی، ویسے یہ یورپی ممالک میں 49 یورو (5800 پاکستانی روپے کے لگ بھگ) میں فروخت ہورہا ہے۔

پاکستان میں اس کی قیمت کیا ہوگی، وہ کہنا تو مشکل ہے کیونکہ اس کا تعین مقامی ٹیکسز اور ڈیوٹیز کے بعد ہوگا۔

کیا آپ بھی اس فون کو خریدنے کے خواہشمند ہیں؟ نیچے کمنٹ میں بتانا مت بھولیں۔

Read Comments