Dawn News Television

شائع 01 جولائ 2017 03:50pm

چین میں جنگل نما شہر کی تعمیر

چین میں 40 ہزار درختوں پر مشتمل دنیا کے پہلے جنگل نما شہر کے قیام پر کام شروع کردیا گیا ہے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ شہر سالانہ 10 ہزار ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ، 57 ٹن آلودگی جذب کرنے کی صلاحیت رکھے گا، ساتھ ساتھ یہ سالانہ 900 ٹن آکسیجن بھی فراہم کرے گا۔

اس شہر کی آبادی تقریباً 30 ہزار افراد پر مشتمل ہوگی۔

صوبے گوانگ شی کے علاقے لیوزہو میں قائم ہونے والے درختوں سے بھرپور اس شہر میں دو ہسپتال اور متعدد اسکولز بھی قائم کیے جائیں گے۔

اس شہر میں 100 سے زائد اقسام کے 10 لاکھ کے قریب پودے اور 40 ہزار درخت موجود ہوں گے۔

لیوزہو شہر سے برقی گاڑیوں اور تیز رفتار ٹرین سروسز کی مدد سے اس شہر کو منسلک کیا جائے گا۔

جہاں تک بجلی کی فراہمی کی بات ہے تو یہ شہر اپنے لیے جیوتھرمل اور شمسی توانائی کو بروئے کار لاتے ہوئے خود بجلی پیدا کرے گا۔

شہر کا ڈیزائن تیار کرنے والے اسٹیفانو بوئری کا کہنا تھا کہ شہر میں جہاں کہیں بھی ممکن ہوا درخت یا پودا لگایا جائے گا یہاں تک کہ گھروں کی چھتوں، بالکونیوں، سڑکوں کے اطراف وغیرہ میں بھی پودے اور درخت لگائے جائیں گے۔

واضح رہے کہ چین ان ممالک میں سے ایک ہے جہاں فضائی آلودگی کی شرح خطرناک حد تک زیادہ ہے۔

Read Comments