روی شاستری ہندوستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر
ہندوستانی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے سابق کپتان اور ٹیم ڈائریکٹر روی شاستری کو ہیڈ کوچ اور ظہیرخان کو باؤلنگ کوچ مقرر کردیا۔
کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق روی شاستری کو ورلڈکپ 2019 تک ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا گیا ہے۔
ہندوستانی ٹیم کے سابق کپتان راہول ڈریوڈ کو ٹیم کے غیرملکی دوروں کے لیے بیٹنگ کنسلٹنٹ جبکہ ظہیرخان کو باؤلنگ کوچ نامزد کیا گیا ہے۔
ویرات کوہلی کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم 26 جولائی سے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں مدمقابل ہوگی جو نئی انتظامیہ کے لیے پہلا امتحان ہوگا۔
بی سی سی آئی کی کمیٹی آف ایڈوائزری کی جانب سے تشکیل دی گئی سارو گنگولی، سچن ٹنڈولکر اور وی وی ایس لکشمن پر مشتمل کرکٹ ایڈوائزری کمیٹی کی جانب سے انٹرویو کے بعد ان ناموں کو حتمی شکل دی گئی تھی۔
خیال رہے کہ چمپیئنزٹرافی کے بعد انیل کمبلے کے معاہدے کے اختتام پر ہندوستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ کا عہدہ خالی تھا جبکہ ٹیم نے بغیر کوچ کے ویسٹ انڈیز کا دورہ کیا جہاں ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلی گئی تھی۔
مزید پڑھیں:انیل کمبلے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کوچ کے عہدے سے مستعفی
سابق ہیڈ کوچ انیل کمبلے اور کپتان ویرات کوہلی کے درمیان اختلافات بھی سامنے آگئے تھے جس کے بعد انیل کمبلے نے معاہدے کو طول دینے کی کوشش نہیں کی تھی۔
ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے عہدے کے لیے شاستری کے علاوہ وریندرسہواگ، ٹام موڈی، رچرڈ پائی بس اور لال چند راجپوت امیدوار تھے۔
شاستری نے پہلے مرحلے میں درخواست نہیں دی تھی لیکن جب کمبلے کی جانب سے دلچسپی کا اظہار نہیں کیا گیا تو انھوں نے درخواست جمع کرادی تھی۔
یہ بھی پڑھیں:’کمبلے کی بحیثیت کرکٹر عزت کرتا ہوں‘
یاد رہے کہ شاستری نے 2016 میں ٹیم ڈائریکٹر کے معاہدے کے اختتام کے بعد ہیڈ کوچ بننے کے لیے درخواست دی تھی لیکن انیل کمبلے کو ان پر فوقیت دی گئی تھی۔
شاستری کو 2014 میں ٹیم ڈائریکٹر مقرر کیا گیا تھا اور ان کی سرپرستی میں ہندوستان نے ورلڈکپ 2015 اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی2016 کے سیمی فائنل تک رسائی کی تھی۔
دوسری جانب ظہیرخان کو کوچنگ کا باقاعدہ تجربہ نہیں لیکن وہ انڈین پریمیئرلیگ (آئی پی ایل) میں دہلی ڈیئرڈیولز کے معاونین میں شامل رہے ہیں۔
راہول ڈریوڈ کو حال ہی میں دوسال کے لیے ہندوستان کی اے ٹیم اور انڈر19 ٹیم کا کوچ مقرر کیا گیا تھا۔