Dawn News Television

شائع 15 جولائ 2017 12:49am

فیڈرر اور مارلن سیلس ومبلڈن اوپن کے فائنل میں

سوئس ٹینس اسٹار راجر فیڈرر ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گئے جہاں اتوار کو ان کا مقابلہ کروشیا کے مارین سیلس سے ہو گا۔

ٹینس کے سب سے بڑے گرینڈ سلیم مقابلے ومبلڈن اوپن کے پہلے سیمی فائنل میں کروشیا کے مارین سیلس اور امریکا کے سیم کیوری مدمقابل تھے جہاں امریکی کھلاڑی نے پہلے سیٹ میں کامیابی حاصل کی۔

تاہم اس کے بعد 2014 کے یو ایس اونپ چیمپیئن مارین سیلس نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے بہترین انداز میں میچ میں واپسی کی اور لگاتار تین سیٹ جیت کر میچ میں 6-7، 6-4، 7-6 اور 7-5 سے کامیابی حاصل کر کے پہلی مرتبہ ومبلڈن اوپن کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا جہاں ان کا مقابلہ 18مرتبہ کے گرینڈ سلیم چیمپیئن راجر فیڈرر سے ہو گا۔

عالمی شہرت یافتہ سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر نے بہترین فارم کا سلسلہ جاری رکھا اور جمہوریہ چیک کے ٹامس برڈک کو اسٹریٹ سیٹ میں7-6، 7-6 اور 6-4 سے زیر کر کے 11ویں مرتبہ ومبڈلن اوپن کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

راجر فیڈرر کا اس سال ومبلڈن اوپن کا سفر انتہائی شاندار رہا ہے اور وہ ابھی تک پورے ٹورنامنٹ میں ایک سیٹ بھی نہیں ہارے ہیں۔

سات مرتبہ کے ومبلڈن اوپن چیمپیئن کیلئے نئی تاریخ رقم کرنے کا نادر موقع ہے جہاں اتوار کو فائنل جیتنے کی صورت میں وہ آٹھ مرتبہ ومبلڈن اوپن جیتنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن جائیں گے۔

راجر فیڈرر کو اس سے قبل بھی دو مرتبہ یہ موقع ملا تھا لیکن دونوں مرتبہ 2014 اور 2015 میں نوواک جوکووچ کے خلاف شکست کے سبب وہ اس سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے تھے تاہم اس مرتبہ ان کی فارم کو دیکھتے ہوئے امید کی جا سکتی ہے وہ یہ کارنامہ انجام دینے میں کامیاب رہیں گے۔

Read Comments