Dawn News Television

اپ ڈیٹ 19 جولائ 2017 07:35pm

سرفرازاحمد کا انگلش کاؤنٹی یارکشائر سے معاہدہ

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفرازاحمد نے انگلینڈ کے نیٹ ویسٹ ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کے لیے یارکشائر سےمعاہدے پر دستخط کردیے۔

کرک انفو کی رپورٹ کےمطابق چمپیئنزٹرافی میں کامیابی حاصل کرنے والی پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کاؤنٹی ٹیم میں آسٹریلوی کھلاڑی پیٹرہینڈز کومب کی جگہ لیں گے۔

ہینڈزکومب کو آسٹریلوی ٹیم کے دورہ بنگلہ دیش کے سلسلے میں ٹریننگ کیمپ میں شرکت کرنا ہے تاہم آسٹریلیا کے کرکٹ بورڈ اور کھلاڑیوں کے درمیان معاوضے کا تنازع تاحال حل نہ ہوسکا ہے۔

سرفرازاحمد متوقع طور پر ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کے 5 میچوں میں یارکشائر کی نمائندگی کریں گے اور انھوں نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے وکٹ کیپرکی ذمہ داریاں سنبھالنے پر خوشی کا اظہار کیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سرفرازاحمد کو چمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت کو شکست دینے کے بعد ٹیسٹ ٹیم کا بھی کپتان مقرر کیا تھا۔

خیال رہے کہ مصباح الحق دورہ ویسٹ انڈیز کے بعد کرکٹ سے کنارہ کش ہوگئے تھے جس کے بعد سرفراز کو ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ ٹیم کی قیادت کے علاوہ ٹیسٹ کی قیادت بھی تفویض کردی گئی تھی۔

انگلش کاؤنٹی یارکشائر اس وقت نارتھ گروپ آف بلاسٹ میں دوسرے نمبر پر موجود ہے جہاں ٹیم نے اب تک ایک میچ میں کامیابی، ایک میں شکست اور ایک میچ برابر کھیلا ہے جبکہ ایک میچ معطل کردیا گیا تھا۔

Read Comments