Dawn News Television

شائع 19 جولائ 2017 10:17am

موٹاپے سے بچاؤ کیلئے اچھا ناشتہ ضروری

اگر جسمانی وزن کو کنٹرول میں رکھنا چاہتے ہیں تو ناشتے کو دن کی سب سے اہم غذا بنالیں۔

یہ دعویٰ ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آیا ہے۔

امریکا کی لوما لنڈا یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق صبح کا بھرپور ناشتہ، دوپہر کو درمیانی مقدار میں کھانا اور رات کو غذا کی کم مقدار جسمانی وزن میں کمی لانے کی کنجی ہے۔

اس تحقیق کے دوران 7 سال تک سیکڑوں بالغ افراد کی غذائی عادات اور وزن کا جائزہ لیا گیا اور معلوم ہوا کہ چار عناصر جسمانی وزن میں کمی میں مدد دیتے ہیں۔

یعنی دن بھر میں دو بار کھانا، 18 گھنٹے کا فاقہ، ناشتہ کرنا اور ناشتے کو دن کی سب سے اہم غذا بنانا۔

محققین کا کہنا تھا کہ نتائج سے معلوم ہوتا ہے کہ بے وقت نہ کھانا، ناشتہ کرنا اور صبح کے اوقات میں زیادہ بھرپور غذا طویل المعیاد بنیادوں پر جسمانی وزن میں اضافے کی روک تھام میں مدد دینے والے عوامل ہیں۔

تحقیق کے مطابق دن میں تین بار سے زیادہ کھانا یا بے وقت منہ چلانے کی عادت موٹاپے کا باعث بنتا ہے۔

اس سے قبل بھی یہ بات سامنے آچکی ہے کہ صبح اچھا ناشتہ جسمانی وزن کی روک تھام میں مددگار ثابت ہوتا ہے جبکہ صبح میٹھی چیزوں کا استعمال بھی دن کے دیگر اوقات میں ان کی خواہش پیدا نہیں ہونے دیتا۔

(یہ تحقیق طبی جریدے جرنل آف نیوٹریشن میں شائع ہوئی)

Read Comments