Dawn News Television

شائع 20 جولائ 2017 07:42pm

سرفراز تینوں فارمیٹ میں ٹیم کو عالمی نمبر ایک بنانے کیلئے پرعزم

قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کھیل کے تینوں فارمیٹ میں قومی ٹیم کو عالمی نمبر ایک بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

حال ہی میں ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کی اہم ذمے داری ملنے کے بعد سرفراز اب تینوں فارمیٹس میں قومی ٹیم کی قیادت کریں گے۔

شاہد آفریدی کی جانب سے ٹی20 کی قیادت چھوڑنے کے بعد انہیں کپتان بنایا گیا تھا جبکہ رواں سال اظہر علی نے ون ڈے ٹیم کی قیادت سے استعفیٰ دیا تو سرفراز احمد کو ذمے داریاں سونپی گئی تھیں۔

دورہ ویسٹ انڈیز کے اختتام پر مصباح الحق کی ریٹائرمنٹ کے بعد سرفراز احمد کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان بھی بنا دیا گیا۔

آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی جیتنے والی ٹیم کے اعزاز میں اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ وہ مستقبل میں ہونے والے ایونٹس میں بھی کامیابی حاصل کر کے قوم کی توقعات پر پورا اترنے کی پوری کوشش کریں گے۔ ہماری کوشش ہو گی کہ تمام فارمیٹس میں قومی ٹیم کو عالمی نمبر ایک بنا دیں۔

انہوں نے کہا کہ چیمپیئنز ٹرافی میں کامیابی پوری ٹیم کی محنت کا نتیجہ ہے اور تمام کھلاڑیوں کی سخت محنت اور کاوش کی بدولت ہم فاتح رہے۔

کپتان نے کہا کہ پاکستانی ٹیم ابتدا میں ناکام رہی لیکن پھر انداز میں ایونٹ میں واپسی کی اور دنیا کی بہترین ٹیموں کو شکست دے کر فاتح بن کر ابھری۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان سپر لیگ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کاہ کہ یہ دیکھ کر انتہائی خوشی ہوئی کہ چیمپیئنز ٹرافی میں نوجوان کھلاڑیوں نے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

Read Comments