Dawn News Television

شائع 21 جولائ 2017 12:11am

یاسر ون ڈے ٹیم میں بھی جگہ بنانے کے خواہشمند

ٹیسٹ کرکٹ میں قومی ٹیم کو شاندار کامیابیوں سے ہمکنار کرانے والے مایہ ناز لیگ اسپنر یاسر شاہ نے ون ڈے ٹیم میں بھی مستقل جگہ بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

2014 میں ڈیبیو کرنے والے یاسر شاہ نے ٹیسٹ کرکٹ میں تو شاندار کامیابیاں حاصل کیں لیکن ون ڈے میچوں میں وہ خاطر خواہ کھیل پیش نہ کر سکے اور اب تک 17 میچوں میں صرف 8 وکٹیں لے سکے ہیں۔

مقامی ویب سائٹ پاک پیشن سے گفتگو کرتے ہوئے لیگ اسپنر نے کہا کہ میرا مقصد یہ ہے کہ جس فارمیٹ میں بھی مجھے کھیلنے کا کہا جائے اس میں بہترین کارکردگی دکھاؤں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کیلئے بہترین کارکردگی دکھانا میرا مقصد ہے اور اس کیلئے میں چاہے لیگ ہو یا ومیسٹک کرکٹ، ہر سطح پر بہترین باؤلنگ کروں گا تاکہ سلیکٹر میری کارکردگی کو دیکھتے ہوئے مجھے قومی ٹیم میں منتخب کریں۔

26 ٹیسٹ میچوں میں 149 وکٹیں لینے والے یاسر نے کہا کہ اپنے کیریئر میں کامیابی کا سہرا سابق کپتان مصباح الحق کے سر باندھتے ہوئے کہا کہ وہ میرے بڑے بھائی جیسے ہیں اور وہ صرف کرکٹ کھیلنے کے دوران ہی ہماری رہنمائی نہیں کرتے تھے بلکہ گراؤنڈ سے باہر بھی تمام کھلاڑیوں کا چھوٹے بھائیوں کا کی طرح خیال رکھتے تھے۔

Read Comments