Dawn News Television

شائع 25 جولائ 2017 01:11pm

سرفراز احمد کا ڈس ایبل کھلاڑیوں کی مدد کا وعدہ

کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے پاکستان ڈِس ایبل کرکٹ ایسوسی ایشن (پی ڈی سی اے) کو ڈِس ایبل کرکٹرز کی مدد کرنے کی یقین دہانی کرادی۔

چیمپیئن کپتان سرفراز احمد نے اس خواہش کا اظہار پی ڈی سی اے کے چار رکنی وفد سے اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کے دوران کیا۔

پی ڈی سی اے کے چار رکنی وفد میں ادارے کے اعزازی سیکریٹری امیر الدین انصاری، جوائنٹ سیکریٹری اور میڈیا مینیجر محمد نظام، ڈاکٹر نعمان پالیکر اور محمد صادق کھتری شامل تھے۔

اس موقع پر پی ڈی سی اے کے وفد نے سرفراز احمد کو ان کی قائدانہ صلاحیتوں کے ساتھ چیمپیئنز ٹرافی 2017 جیتنے پر مبارک باد پیش کی اور مستقبل میں بھی پاکستان ٹیم کی مزید فتوحات کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

مزید پڑھیں: امریکی مسجد میں چیمپیئنز ٹرافی کا جشن

چار رکنی وفد نے پی ڈی سی اے کے صدر سلیم کریم کی جانب سے سرفراز احمد کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا جبکہ پی ڈی سی اے کی جانب سے سرفراز احمد کے اعزاز میں عشائیے کی دعوت بھی پیش کی گئی۔

ملاقات کے دوران سرفراز احمد نے پی ڈی سی اے کے وفد کا شکریہ ادا کیا اور تنظیم کی جانب سے عشائیے کی دعوت بھی قبول کرلی۔

اس موقع پر سابق فرسٹ کلاس کرکٹر ظفر احمد بھی موجود تھے جبکہ سرفراز احمد نے پاکستان میں پی ڈی سی اے کی خدمات کو بھی سراہا۔


یہ خبر 25 جولائی 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

Read Comments