Dawn News Television

شائع 25 جولائ 2017 08:42pm

جوکووچ کی یو ایس اوپن میں شرکت مشکوک

سابق عالمی نمبر ایک نوواک جوکووچ کے مسائل میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور کہنی کی انجری کے سبب ان کی یو ایس اوپن میں شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔

ومبلڈن اوپن کے کوارٹر فائنل سے انجری کے سبب دستبردار ہونے والے جوکووچ نے کہا کہ وہ سیدھی کہنی کی انجری سے صحتیابی کیلئے وقفہ لینے پر غور کر رہے ہیں۔

سربین میڈیا کے مطابق 30 سالہ سابق عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار کو انجری سے بحالی میں 12 ہفتے لگ سکتے ہیں کیونکہ تواتر کے ساتھ کھیلنے کے سبب ان کی ہڈی متاثر ہوئی ہے۔

12 مرتبہ کے گرینڈ سلیم چیمپیئن 2011 اور 2015 میں یو ایس اوپن جیت چکے ہیں۔

برطانوی میڈیا کے مطابق جوکووچ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ٹورنامنٹ میں شرکت کے حوالے سے اہم فیصلہ کر سکتے ہیں اور ممکنہ طور پر پریس کانفرنس کے ذریعے اپنے فیصلے سے آگاہ کریں گے۔

یاد رہے کہ 2005 میں آسٹریلین اوپن میں ڈیبیو کرنے والے نوواک جوکووچ مسلسل 51 گرینڈ سلیم ٹورنامنٹس میں شرکت کر چکے ہیں لیکن انجری کے سبب اس مرتبہ ان کا یہ سلسلہ ختم ہونے کا امکان ہے۔

Read Comments