Dawn News Television

اپ ڈیٹ 26 جولائ 2017 01:29pm

سشما سوراج کی پاکستانی خاتون کو ویزہ کی یقین دہانی

ہندوستانی وزیرخارجہ سشما سوراج نے ایک پاکستانی خاتون کو ویزے کے اجراء کی یقین دہانی کروادی۔

بھارتی شہر ممبئی سے تعلق رکھنے والے ایک شہری یاسر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سشما سوراج سے اپیل کی کہ وہ پاکستان سے تعلق رکھنے والی ان کی اہلیہ کے ویزے کے سلسلے میں ان کی مدد کریں۔

رواں برس 27 مارچ کو یاسر نے اپنی ٹوئیٹ میں سشما سوراج کو مخاطب کرکے لکھا، 'میرا تعلق ممبئی سے ہے اور میری شادی اپریل 2016 میں ایک پاکستانی لڑکی سے ہوئی، براہ مہربانی ویزہ کے حصول میں میری مدد کریں'۔

جس پر سشما سوراج نے جوابی ٹوئیٹ میں یاسر نامی بھارتی شہری کو ان کی اہلیہ کے ویزہ کی امید دلاتے ہوئے کہا کہ 'بھارتی بیٹیاں ہوں یا پاکستان یا کسی بھی اور ملک سے بہوویں، انہیں خوش آمدید کہا جائے گا'۔

تاہم یاسر نے بھارتی وزیر خارجہ کو مخاطب کرکے آگاہ کیا کہ ان کی اہلیہ نے ایک ماہ قبل بھی ویزہ کے لیے اپلائی کیا تھا لیکن ان کی درخواست اسلام آباد میں واقع بھارتی سفارت خانے میں زیر التواء ہے۔

جس کے بعد اسلام آباد میں واقع بھارتی سفارت خانہ بھی حرکت میں آیا اور یاسر سے کہا گیا کہ وہ اپنی اہلیہ کا پاسپورٹ نمبر اور مقامی فون نمبر انہیں فراہم کریں۔

اس سے قبل رواں ماہ کے آغاز میں بھی سشما سوراج نے کینسر کی شکار پاکستانی مریضہ فائزہ تنویر کو ویزہ جاری کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی۔

Read Comments