پاکستان

معاشی پالیسیوں کے فوری نفاذ کیلئے نئی وزارتیں تشکیل

اداروں کے اندرونی تعاون کو بہتر بنانے کے لیے معاشی وزارتوں کی تنظیم نو کی گئی ہے جس کی طویل عرصے سے ضرورت تھی، ذرائع

اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے حکومت کے نظام کو بہتر کرنے اور معاشی پالیسی کے نفاذ کے لیے نئی وزارتیں اور ڈویژن قائم کرنے کے ساتھ ساتھ موجودہ 3 وزارتوں کو مزید مضبوط کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

باثوق ذرائع کے مطابق نئے وزراء کی گنجائش نکالنے کے لیے نئی وزارتوں اور ڈویژنز کو رول آف بزنس 1973 کے رول 3 کے تحت تشکیل دیا گیا۔

سرکاری ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ ادارے کے اندرونی تعاون کو بہتر بنانے کے لیے معاشی وزارتوں کی تنظیم نو کی گئی ہے جس کی طویل عرصے سے ضرورت تھی۔

ذارئع نے یہ بھی بتایا کہ عالمی بینک پاکستان کو ان وزارتوں کی تنظیم نو کرنے کی تجاویز پیش کر چکا ہے، خاص طور پر وزارت پانی و بجلی میں تنظیم نو کی ضرورت پر زور دیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: نئی وفاقی کابینہ کا ترقی کا سفر جاری رکھنے کا عزم

وزیراعظم کے اس فیصلے کے مطابق توانائی کی وزارت تشکیل دی گئی، جس کے دو اضافی ڈویژن بھی قائم کیے گئے جن میں پاور ڈویژن اور پیٹرولیم ڈویژن شامل ہیں۔

وزارت آبی وسائل کے نام سے ایک اور وزارت تشکیل دی گئی، جس میں ایک اضافی ڈویژن شامل ہے۔

وزیراعظم کے اس فیصلے کے مطابق وزارت پانی و بجلی کو ختم کر دیا گیا اور اس کی ذمہ داریاں وزارت توانائی کو سونپ دی گئیں جبکہ وزارت پیٹرولیم اور قدرتی وسائل کو پیٹرولیم ڈویژن میں تبدیل کردیا گیا۔

تاہم وزارت پیٹرولیم کے وہ محکمے جو بجلی کی پیداوار کی دیکھ بھال کرتے تھے، اب پاور ڈویژن کے ماتحت کام کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: شاہد خاقان عباسی کی 43 رکنی کابینہ نے حلف اٹھالیا

فیصلے کے مطابق آبی مسائل اور پانی کے متعلقہ محکمے آبی وسائل ڈویژن کے تحت کام کریں گے۔

ذرائع کے مطابق یہ تمام ڈویژنز ایک وفاقی سیکریٹری کے ماتحت ہوں گے جبکہ ان تمام ڈویژن کو ترکی اور بھارت میں جاری نظام کی طرز پر قائم کیا گیا ہے۔

نئی وزارتوں کے حوالے سے ذرائع کا کہنا تھا کہ نئی وزارتوں اور ڈویژنز کا قیام بجلی کی پیداوار اور نئے منصوبوں کی تنصیب میں تعاون کے حوالے سے حکومت کے لیے مدد گار ثابت ہوگی جبکہ نئے ڈویژن پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے کے تحت تعمیر ہونے والے منصوبوں کی رفتار کو تیز کرنے میں بھی معاون ثابت ہوں گے۔

تجارت اور ٹیکسٹائل کی نئی وزارت بھی تشکیل دی گئی ہے جس میں کامرس ڈویژن اور ٹیکسٹائل ڈویژن قائم کیے گئے ہیں جبکہ تجارت اور ٹیکسٹائل انڈسٹری کے موجودہ ڈویژن نئی وزارت کے تحت کام کریں گے۔

مزید پڑھیں: شاہد خاقان عباسی کی سیاست تاریخ کے آئینے میں

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے ابتدائی دور میں یہ دو ڈویژن قائم کرکے ایک وزیر کے سپرد کردیا گیا تھا تاہم 2014 میں دونوں ڈویژنز کو الگ کرکے تجارت اور ٹیکسٹائل انڈسٹری کی وزارتیں قائم کر دی گئیں تھیں۔

نو منتخب وزیراعظم کے فیصلے کے مطابق نئی وزارت شماریات تشکیل دی گئی، جس میں اسٹیٹسٹک ڈویژن کو قائم کیا گیا ہے جبکہ پرائیویٹائزیشن (نجکاری) اور نارکوٹکس کنٹرول کے نام سے بھی مزید دو وزارتیں تشکیل دی گئی ہیں۔

نئی وفاقی کابینہ میں وزارت برائے پوسٹل سروسز کے نام سے نئی وزارت تشکیل دی گئی جو پوسٹل سروسز ڈویژن پر مشتمل ہے۔

کبینٹ ڈویژن وزیراعظم کے احکامات کو نافذ کرنے کے لیے فوری طور پر مزید اقدامات کرے گا۔


یہ خبر 5 اگست 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی