اسلام آباد: ایوان صدر میں نئی وفاقی کابینہ کی تقریب حلف برداری منعقد ہوئی جہاں صدر مملکت ممنون حسین نے ارکان سے حلف لیا۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بھی حلف برداری کی تقریب میں شریک تھے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق تقریب میں 43 رکنی وفاقی کابینہ میں شامل 27 وفاقی وزراء اور 16 وزرائے مملکت نے حلف اٹھایا۔

نومنتخب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے گذشتہ روز 46 رکنی کابینہ کی منظوری دی تھی۔

نواز شریف کی حکومت کے وزیر دفاع خواجہ آصف نئی کابینہ میں وزیر خارجہ کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

یاد رہے کہ 2013 میں ن لیگ کے اقتدار میں آنے کے بعد سے ملک وزیر خارجہ سے محروم تھا جبکہ آخری وزیر خارجہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے حنا ربانی کھر کو مقرر کیا گیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق سابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال، شاہد خاقان عباسی کی حکومت میں وزارت داخلہ کا اہم قلمدان سنبھالیں گے۔

اسحٰق ڈار بحیثیت وزارت خزانہ ہی کام جاری رکھیں گے جبکہ پرویز ملک، خرم دستگیر کی جگہ نئے وزیر تجارت و ٹیکسٹائل ہوں گے۔

خرم دستگیر خان اب وزارت دفاع کا قلمدان سنبھالیں گے جبکہ خواجہ سعد رفیق وزارت ریلوے پر برقرار رہیں گے۔

(ن) لیگ کے سیکریٹری اطلاعات مشاہد اللہ وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی کی حیثیت سے کابینہ میں واپس آئیں گے، انہیں 2013 میں پی ٹی آئی کے دھرنے کے دوران متنازع بیان دینے پرنواز شریف نے کابینہ سے نکال دیا تھا۔

کابینہ ڈویژن کے نوٹی فکیشن کے مطابق حافظ عبدالکریم مواصلات، لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ صلاح الدین ترمذی نارکوٹکس کنٹرول، مولانا امیر زمان پوسٹل سروسز اور کامران مائیکل شماریات کے وزیر ہوں گے۔

سید جاوید علی شاہ واٹر ریسورسز، حاصل بزنجو پورٹس اینڈ شپنگ، رانا تنویر دفاعی پیداوار، بلیغ الرحمٰن تعلیم و تربیت اور مرتضیٰ خان جتوئی صنعت و پیداوار کے وزیر ہوں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ریاض پیرزادہ کو بین الصوبائی رابطہ، زاہد حامد کو قانون و انصاف اور محمد برجیس طاہر کو کشمیر و گلگت بلتستان کی وزارت دی گئی ہے۔

سکندر حیات بوسن فوڈ سیکیورٹی، سائرہ افضل تارڑ نیشنل ہیلتھ سروسز، پیر صدرالدین شاہ تارکین وطن، شیخ آفتاب پارلیمانی امور، سردار یوسف مذہبی امور اور عبدالقادر بلوچ ریاستی و سرحدی امور (سیفران) کے وزیر ہوں گے۔

وزرائے مملکت میں غالب خان کو سیفران، عابد شیر علی کو توانائی اور سردار ارشد لغاری کو صنعت و پیداوار کے محکمے دیئے گئے ہیں۔

حاجی اکرم انصاری کو تجارت و ٹیکسٹائل، مریم اورنگزیب کو اطلاعات و نشریات جبکہ حاجی اکرم انصاری کو تجارت و ٹیکسٹائل کے محکمے دیئے گئے ہیں۔

حلف برداری کی تقریب ایوان ِصدر میں منعقد ہوئی — فوٹو: ڈان نیوز
حلف برداری کی تقریب ایوان ِصدر میں منعقد ہوئی — فوٹو: ڈان نیوز

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ چوہدری جعفر اقبال کو پورٹ اینڈ شپنگ، ڈاکٹر درشن کو بین الصوبائی رابطہ، انوشے رحمٰن کو آئی ٹی، پیر امیر الحسنات کو مذہبی امور اور جام کمال کو پیٹرولیم کے محکمے دیئے گئے ہیں۔

طارق فضل چوہدری کو کیڈ اور عبدالرحمٰن خان کانجو کو تارکین وطن کا وزیر مملکت بنایا گیا ہے۔

جنید انوار چوہدری، طلال چوہدری، بیرسٹر محسن شاہنواز رانجھا اور بیرسٹر عثمان ابراہیم نے بھی بطور وزیر مملکت حلف اٹھایا۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے سنائے جانے والے پاناما فیصلے کی روشنی میں نواز شریف کے وزارت عظمیٰ کے عہدے سے سبکدوش ہونے کے بعد وفاقی کابینہ بھی تحلیل ہوگئی تھی۔

نواز شریف کی نااہلی کے بعد حکمراں جماعت مسلم لیگ (ن) کی طرف سے شاہد خاقان عباسی کو عبوری وزیراعظم کے طور پر نامزد کیا گیا تھا، جس کے بعد یکم اگست کو وہ قومی اسمبلی میں ہونے والے انتخاب میں 221 ووٹ حاصل کرکے وزیراعظم منتخب ہوئے اور اسی روز انہوں نے وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھایا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں