Dawn News Television

شائع 14 اگست 2017 07:13pm

اب گوگل وائس سرچ اردو بول کر بھی ممکن

اگر تو آپ اینڈرائیڈ فونز پر آواز سے گوگل سرچ کرنا پسند کرتے ہیں تو اچھی خبر یہ ہے کہ اب انگلش بولنے کی ضرورت نہیں بلکہ اردو سے بھی ایسا ممکن ہوسکے گا۔

جی ہاں گوگل نے خاموشی سے اپنی وائس سرچ میں اردو زبان کی سپورٹ کا اضافہ بھی کردیا ہے، اور ایک طرح سے یہ یوم آزادی سے قبل دیا جانے والا تحفہ ہے۔

گوگل کے مطابق آواز کی مدد سے میسج لکھنا ٹائپنگ کے مقابلے میں تین گنا تیز ہوتا ہے اور اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے دنیا بھر کی تیس زبانوں کو وائس سرچ کا حصہ بنا دیا ہے جو کہ ایک ارب سے زائد افراد بولتے ہیں۔

اس کا مزید کہنا تھا کہ ان زبانوں کے اضافے کے لیے ہم نے انہیں بولنے والوں کی مدد لی اور ان کے تقریر کے نمونے اکھٹے کیے اور پھر اپنی مشین لرننگ ٹیکنالوجی کو تربیت دی تاکہ وہ نئی زبانوں کو سمجھ کر اپنے نظام کو درست کرسکے۔

مزید پڑھیں : واٹس ایپ کا اردو ورژن متعارف

گوگل سرچ پر اردو بول کر ٹائپ کرنے کے لیے آپ کو پہلے اینڈرائیڈ فون پر پلے اسٹور سے جی بورڈ کی بورڈ کو انسٹام کرنا ہوگا۔

وہاں سیٹنگز میں جاکر مائیکرو فون پر کلک کرکے بس بولنا شروع کردیں۔

اسی طرح گوگل ایپ پر وائس سرچ کے لیے اسے اوپن کریں اور وائٹس سیٹنگز مینیو میں جاکر لینگوئج کا انتخاب کرلیں۔

اس سے پہلے گوگل نے گزشتہ ہفتے جی بورڈ میں رومن اردو کو رئیل ٹائم میں کنورٹ کرنے کا فیچر بھی متعارف کرایا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : رومن اردو کو اردو میں بدلنا ہوا اب بہت آسان

ویسے عام طور پر سوشل میڈیا میں اردو زبان پر اتنی توجہ نہیں دی جاتی مگر گوگل کی جانب سے کیے جانے والے یہ نئے اضافے اس زبان کو پروموٹ کرنے کے حوالے سے حوصلہ افزاءہیں۔

Read Comments