Dawn News Television

شائع 16 اگست 2017 06:31pm

’ناشائستہ‘ مواد نشر کرنے پر تین چینلز کو پیمرا کا انتباہ

پاکستان الیکٹرونک میڈیا ریگیولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے 'جیو انٹرٹینمنٹ'، 'اے آر وائی کمیونیکیشنز' اور 'ہم ٹی وی' کو ناشائستہ مواد نشر کرنے پر انتباہ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا کہ مستقبل میں اس طرح کی کسی خلاف ورزی پر ان چینلز کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

پیمرا کی جانب سے جاری نوٹس میں بتایا گیا کہ اے آر وائے کمیونیکیشنز جس کے پاس غیر ملکی ٹیلی ویژن چینل ایچ بی او (ہوم باکس آفس) کے رائٹس موجود ہیں، پر 10 اپریل 2017 کو ناشائستہ مواد نشر کیا گیا۔

جس کے بعد چینل کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کے ساتھ ساتھ جواب داخل کروانے کا حکم بھی دیا گیا تھا جس کا جائزہ لینے کے بعد پیمرا کمیٹی نے اسے قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا۔

البتہ پیمرا نے ناشائستہ مواد کے حوالے سے کسی قسم کی تفصیلات اپنے نوٹس میں بیان نہیں کیں۔

اے آر وائے کے علاوہ جیو انٹرٹینمنٹ کو 7 اگست کو نشر کیے جانے والے ڈرامے ’خالی ہاتھ‘ کی ایک قسط پر پیمرا کے نوٹس کا سامنا کرنا پڑا، نوٹس کے مطابق اس ڈرامے میں قابل اعتراض مواد پیش کیا گیا تھا۔

ان دونوں چینلز کے علاوہ ہم ٹی وی کو بھی پیمرا کی وارننگ کا سامنا کرنا پڑا، ہم ٹی وی پر 21 مئی کو ’کتنی گرہیں باقی ہیں‘ نامی ڈرامہ سیریز کی ایک قسط نشر کی گئی جس میں نامناسب مواد نشر کیا گیا۔

Read Comments