Dawn News Television

شائع 28 اگست 2017 07:21pm

نیا آئی فون 12 ستمبر کو متعارف ہونے کا امکان

اگر تو آپ ایپل کے نئے آئی فون کو خریدنا چاہتے ہیں تو اچھی خبر یہ ہے کہ یہ ڈیوائس دو ہفتوں کے اندر سامنے آنے کا امکان ہے۔

وال اسٹریٹ جرنل کی ایک رپورٹ کے مطابق ایپل کی جانب سے نئے آئی فونز کو متعارف کرانے کے لیے ایونٹ کا انعقاد 12 ستمبر کو کرایا جائے گا۔

تاہم اب تک ایپل کی جانب سے اس حوالے سے باضابطہ دعوت نامے ارسال نہیں کیے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں : آئی فون 8 کیسا ہوگا؟

ایپل کی جانب سے ستمبر میں ہونے والے ایونٹ کے دوران تین نئے آئی فون ماڈلز پیش کیے جانے کی توقع ہے۔

ان میں سے ایک ماڈل نیکسٹ جنریشن او ایل ای ڈی اسکرین کے ساتھ ہوگا جو کہ بیزل لیس ڈپسلے کے ساتھ ہوگا۔

اس فون یا آئی فون ایٹ (یا جو بھی اس کا نام ہوگا) کی قیمت کے حوالے سے کافی افواہیں سامنے آرہی ہیں تاہم گزشتہ ہفتے نیویارک ٹائمز نے ایک رپورٹ میں بتایا تھا کہ اس کی قیمت 999 ڈالرز (ایک لاکھ پانچ ہزار پاکستانی روپے سے زائد) ہوسکتی ہے۔

اس سے ہٹ کر بھی ایپل کی جانب سے دو آئی فون ماڈلز ایونٹ میں پیش کیے جائیں گے جو کہ موجود آئی فون سیون اور سیون پلس سے ملتے جلتے یا یوں کہہ لیں کہ ان کے اپ ڈیٹ ورژن ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں : آئی فون 8 کی مزید تفصیلات سامنے آگئیں

اسی طرح مختلف رپورٹس کے مطابق آئی فون ایٹ ہوم بٹن سے محروم ہوگا جبکہ پہلی بار یہ کمپنی یو ایس بی ٹائپ سی اور وائرلیس چارجنگ کو بھی اپنی ڈیوائس کا حصہ بنائے گی۔

اس بات کے بھی امکانات ہیں کہ آئی فون ایٹ کے ڈوئل کیمروں کو پہلے سے بہتر بنایا جائے گا تاکہ وہ گلیکسی نوٹ ایٹ کا مقابلہ کرسکے۔

Read Comments