Dawn News Television

شائع 08 ستمبر 2017 08:10pm

گوگل سرچ فیڈ اب دنیا بھر میں دستیاب

ویسے تو فیس بک کو سب سے زیادہ پسندیدہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ مانا جاتا ہے اور اس کے نیوز فیڈ پر صارفین گھنٹوں مگن رہتے ہیں مگر گوگل نے بھی کچھ اسی قسم کا فیچر اپنی ایپ کے لیے بھی متعارف کرادیا ہے۔

ویسے تو یہ فیچر جولائی میں متعارف کرایا گیا تھا تاہم اس وقت یہ صرف امریکا تک محدود تھا مگر اب اسے دنیا بھر کے لیے پیش کردیا گیا ہے اور فی الحال اینڈرائیڈ صارفین ہی اس سے مستفید ہوسکتے ہیں۔

مگر بہت جلد یہ آئی او ایس اور ڈیسک ٹاپ کے لیے بھی متعارف کرادیا جائے گا جبکہ گوگل موبائل سرچ سائٹ پر بھی۔

یہ گوگل فیڈ نامی فیچر استعمال کرنا بہت آسان ہے بس گوگل سرچ ایپ اوپن کریں اور آپ کے ساتھ اسٹوریز پر مشتمل کارڈز کی فہرست آجائے گی۔

مزید پڑھیں : گوگل سرچ انجن کے خاتمے کا آغاز؟

یہ خبریں بھی ہوسکتی ہیں مگر اس کے ساتھ ساتھ میوزک، اسپورٹس، سفری معلومات، فلموں کے ٹریلر اور دیگر بھی نظر آئیں گے یا جیسا صارف کی دلچسپی ہوگی ویسا مواد نظر آئے گا۔

فوٹو بشکریہ گوگل

یعنی اگر آپ نے گوگل کی اسٹینڈرڈ سرچ سیٹنگز میں چھیڑ چھاڑ نہیں کی ہوگی تو اسٹوریز میں وہی کچھ نظر آئے گا جو آپ اکثر سرچ کرتے ہوں گے، کیونکہ گوگل سرچ، میپس اور یوٹیوب ہسٹری، لوکیشن، ڈیوائس انفارمیشن اور دیگر تفصیلات کے مطابق یہ کارڈز ترتیب دے گا۔

یہ بھی پڑھیں: گوگل کی سرچ ہسٹری کو کیسے صاف کریں؟

یہ نئی فیڈ آرٹی فیشل ٹیکنالوجی سے بھی لیس ہے لہذا آپ کی عادات اور دلچسپی میں تبدیلی اس کو بھی بدلے گی اور آپ اسے بہتر بنانے میں مدد بھی دے سکتے ہیں۔

اس کے کسی اسٹوری کارڈ پر موجود تھری ڈاٹ پر کلک کرکے آپ کسی مخصوص موضوع یا اسٹوری کو ہائیڈ کرسکتے ہین یا اپنی فیڈ کو کسٹمائز بھی کرسکتے ہیں۔

گوگل اس فیچر کو جعلی خبروں کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے بھی استعمال کرے گا۔

Read Comments