Dawn News Television

شائع 12 ستمبر 2017 11:27pm

ڈیو پلیسی تینوں فارمیٹ میں جنوبی افریقی ٹیم کے کپتان مقرر

کیپ ٹاؤن: جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ نے فرینکوئس ڈیو پلیسی کو تینوں فارمیٹس کیلئے جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کردیا ہے۔

ڈیوپلیسی پہلے ہی ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ٹیم کی قیادت کر رہے تھے تاہم اے بی ڈی ویلیئرز کی جانب سے ون ڈے ٹیم کی قیادت سے مستعفی ہونے کے بعد اب ایک روزہ کرکٹ کی ذمے داریاں بھی انہیں ہی سونپ دی گئی ہیں۔

ون ڈے ٹیم کی قیادت ملنے کے بعد توقع ہے کہ ڈیو پلیسی 2019ء میں شیڈول آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ تک اس عہدے پر برقرار رہیں گے پہلی مرتبہ میگا ایونٹ میں اپنی ٹیم کی قیادت کا اعزاز حاصل کریں گے۔

ڈیوپلیسی فروری 2013ء سے ٹی ٹوئنٹی اور اگست 2016ء سے جنوبی افریقی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں اور تینوں فارمیٹس میں ٹیم کا قائد مقرر ہونے کے بعد بنگلہ دیش کے خلاف ہوم سیریز ڈیوپلیسی کا پہلا امتحان ہو گا جہاں پروٹیز رواں ماہ دو ٹیسٹ، تین ون ڈے اور دو ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کیلئے بنگلہ دیش کی میزبانی کریں گے۔

Read Comments