Dawn News Television

شائع 13 ستمبر 2017 09:39pm

اسکائپ کے خلاف فیس بک کا خفیہ ہتھیار

فیس بک نے خاموشی سے ایک نئی گروپ ویڈیو چیٹ اپلیکشن بون فائر کی آزمائش شروع کردی ہے جس میں آٹھ افراد ایک دوسرے سے بات چیت کے ساتھ انسٹاگرام اور اسنیپ چیٹ جیسے اسپیشل ایفیکٹس بھی استعمال کرسکتے ہیں۔

ویسے ضروری نہیں کہ اس ایپ کو ڈاﺅن لوڈ ہی کیا جائے بلکہ اس کی چیٹس پر میسنجر کے ذریعے بھی شرکت کی جاسکتی ہے۔

فیس بک کی جانب سے فی الحال یہ نئی ایپ ڈنمارک میں لوگوں کے لیے پیش کی گئی ہے مگر وہاں سے کسی کے انوائیٹ کرنے پر دنیا بھر سے لوگ اس کا حصہ بن سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں : اسکائپ کیلئے سخت حریف سامنے آگیا

فیس بک اس حکمت عملی کے ذریعے اسکائپ اور دیگر ویڈیو چیٹ اپلیکشن کو دھچکا پہنچانا چاہتی ہے اور اس کی خواہش ہے کہ میسنجر کے ذریعے یہ دنیا بھر میں کروڑوں افراد تک پہنچ جائے۔

ایک ارب 20 کروڑ صارفین کے ساتھ میسنجر اس ویڈیو چیٹ کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے اور فیس بک کو ناکامی کا بھی سامنا نہیں کرنا پڑے گا جو اس سے پہلے اسے کئی بار ہوچکا ہے۔

فیس بک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس نئی ایپ پر ابھی آزمائش کی جارہی ہے اور ہم دیکھ رہے ہیں کہ کس طرح صارفین کے لیے بہترین تجربہ تشکیل دیا جاسکتا ہے، تاہم ابھی اس حوالے سے مزید تفصیلات نہیں بتائی جاسکتیں۔

ویسے تو یہ یقینی ہے کہ بہت جلد اسے دیگر ممالک میں متعارف کرادیا جائے گا کیونکہ فیس بک کے خیال میں گروپ ویڈیو چیٹ کی مقبولیت میں بہت زیادہ اضافہ ہوچکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : فیس بک میسنجر نے ایک اور فیچر 'چرا' لیا

اس ایپ کو اب تک ڈنمارک میں دو ہزار بار ڈاﺅن لوڈ کیا جاچکا ہے۔

ویسے یہ ایپ ایک دوسری ایپ ہاﺅس پارٹی کی نقل ہے جو کہ نوجوانوں میں مقبول ایک گروپ ویڈیو چیٹ ہے۔

اسی طرح حال ہی میں اسکائپ نے اپنی ایپ کو اپ ڈیٹ کرکے گروپ چیٹ کو فن فیچرز سے سجایا تھا۔

فیس بک کی اس ایپ میں چیٹ کے اسکرین شاٹ لے کر انہیں فیس بک، انسٹاگرام، میسنجر اور کہیں بھی چیٹ سے باہر نکلے بغیر شیئر کیا جاسکتا ہے۔

Read Comments