Dawn News Television

اپ ڈیٹ 15 ستمبر 2017 12:53am

ورلڈ الیون کے اعزاز میں پشاور زلمی کا ظہرانہ

لاہور: پاکستان سپر لیگ کی چیمپیئن پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے ورلڈ الیون کے کھلاڑیوں کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کر کے پاکستان آمد پر شکریہ ادا کیا۔

جاوید آفریدی کی جانب سے دیے گئے ظہرانے میں ڈیرن سیمی کے ہمراہ ’’زلمی ایکسپریس‘‘ حسن علی، وہاب ریاض، تمیم اقبال اور کوچ محمد اکرم نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔

زلمی کے سپر اسٹارزکے علاوہ سابق زمبایوین کپتان اینڈی فلاور، سابق کپتان وقار یونس، جنوبی افریقہ کے سپر اسٹار ہاشم آملا، عمر امین، عماد وسیم اور بابر اعظم بھی موجود تھے۔

اس موقع پر جاوید آفریدی نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کی بحالی میں ورلڈ الیون کا دورہ ایک بڑا قدم ہے اور مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دینے پر ورلڈ الیون کے کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کیا۔

پشاور زلمی کے ظہرانے میں بنگلہ دیش کے تمیم اقبال سمیت پاکستانی کھلاڑیوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی— تصویر بشکریہ ٹوئٹر

انہوں نے مزید کہا کہ ان کھلاڑیوں کی پی ایس ایل فائنل کیلئے پاکستان آمد سے دوسرے کھلاڑیوں کی آمد کی راہ ہموار ہوئی۔

پشاور زلمی کے کپتان اور ورلڈ الیون کے رکن ڈیرن سیمی نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ ورلڈ الیون کا حصہ ہونے پر وہ بے حد خوش ہیں اور پشاور زلمی کے کھلاڑیوں سے اس موقع پر ملاقات ایک خوشگوار تجربہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا ہم بحیثیت ٹیم پی ایس ایل 2میں بہت اچھا کھیلے اور اب ہم پی ایس ایل 3میں بھی ایسی ہی کارکردگی دکھانے کیلئے بے چین ہیں۔

Read Comments