Dawn News Television

شائع 20 ستمبر 2017 11:41pm

ویسٹ انڈیز ورلڈ کپ 2019 میں براہ راست جگہ بنانے میں ناکام

ویسٹ انڈیز کی انگلینڈ کے خلاف پہلے ایک روزہ میچ میں شکست کی بدولت سری لنکا نے ورلڈ کپ 2019 میں براہ راست جگہ بنا لی ہے اور ویسٹ انڈین ٹیم کو کوالیفائنگ راؤنڈ کھیل کر ایونٹ میں جگہ بنانا ہو گی۔

انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ منگل کو مانچسٹر میں کھیلا گیا جس میں انگلینڈ نے بآسانی سات وکٹ سے فتح اپنے نام کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کی ورلڈ کپ میں براہ راست رسائی کے سارے دروازے بند کر دیے۔

بھارت کے ہاتھوں سری لنکن ٹیم کی کلین سوئپ شکست کے سبب سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ورلڈ کپ میں براہ راست رسائی کی دوڑ جاری تھی اور ویسٹ انڈیز پانچوں میچوں میں فتح حاصل کر کے براہ راست عالمی ایونٹ کھیل سکتا تھا لیکن پہلے میچ میں شکست کے بعد اس کی ایونٹ میں براہ راست شرکت کی تمام امیدیں دم توڑ گئیں۔

قوانین کے تحت 30 ستمبر 2017 تک آئی سی سی کی درجہ بندی میں سرفہرست آٹھ ٹیمیں ورلڈ کپ کیلئے براہ راست کوالیفائی کر جائیں گی اور بقیہ ٹیموں کو عالمی کپ میں شرکت کیلئے کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنا ہو گا۔

اس کے ساتھ ہی دو مرتبہ کی سابق عالمی چیمپیئن ویسٹ انڈین ٹیم کو تاریخ میں پہلی مرتبہ ورلڈ کپ میں جگہ بنانے کیلئے کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنا پڑے گا۔

Read Comments