Dawn News Television

اپ ڈیٹ 22 ستمبر 2017 10:25am

رشی کپور ایک بار ٹوئٹر پیغام پر تنقید کی زد میں

بولی وڈ اداکار رشی کپور اکثر ٹوئٹر پر اپنے پیغامات کے باعث تنقید کی زد میں رہتے ہیں اور اب ایک بار پھر انہیں ایسی ہی صورتحال کا سامنا ہے۔

انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق 65 سالہ اداکار کو ٹوئٹر پر ایک بار پھر اس وقت لوگوں کی تنقید کا سامنا کرنا پڑا جب انہوں نے مبینہ طور پر ایک خاتون صارف کو ڈائریکٹ میسج پر غیر اخلاقی اور توہین آمیز پیغام بھیجا۔

اس خاتون نے رواں ماہ کے شروع میں اداکار کا مذاق اڑایا تھا جس پر رشی کپور نے ڈائریکٹ میسج پر توہین آمیز پیغام بھیجا۔

اس خاتون نے اس پیغام کو 19 ستمبر کو ایک ٹوئیٹ پر ظاہر کیا تھا جس کے بعد رشی کپور پر لوگوں نے تنقید کرنا شروع کردی تھی۔

مزید پڑھیں : ارمیلا کی شادی پر رشی کپور کا دلچسپ پیغام

لوگوں کی تنقید پر رشی کپور نے بھی سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ٹوئیٹ کیا ' بکواس، میں ایسی اب ایسی ٹوئیٹس دیکھ رہا ہوں جس میں میری توہین کی جارہی ہے، میں کوئی مذہبی شخصیت نہیں اور میں لوگوں کو ان کی زبان میں جواب سکتا ہوں، تو اپنی شکایات بند کریں'۔

اس سے قبل آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل تک رسائی کے بعد بھی رشی کپور نے پاکستانی ٹیم کے حوالے سے ایسے پیغامات ٹوئٹر پر پوسٹ کیے تھے جن پر انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

انہوں نے ایک ٹوئیٹ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا ’پی سی بی کرکٹ ٹیم بھیجنا پلیز، پہلے ہاکی یا کھو کھو ٹیم بھیجی تھیں، کیوں کہ 18 جون (فادرز ڈے) پر باپ کھیل رہا ہے تمہارے ساتھ‘۔

تفصیل پڑھیں : پاک-بھارت فائنل: رشی کپور کو متعصبانہ ٹوئیٹس پر تنقید کا سامنا

بعد ازاں جب پاکستان نے چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی ٹیم کو شکست دی تو رشی کپور نے بھی ہار تسلیم کرتے ہوئے پاکستان کو مبارکباد دی تھی۔

Read Comments