Dawn News Television

شائع 12 اکتوبر 2017 08:11pm

فرحان سعید کی فلمی دنیا میں انٹری

اگر آپ کو پاکستانی گلوکار فرحان سعید کی ہٹ ڈرامے ’اڈاری‘ میں اداکاری پسند آئی تھی تو یقیناً یہ خبر پڑھ کر آپ کو کافی خوشی ہوگی۔

فرحان سعید بہت جلد ایک نئی فلم کے ساتھ بڑی اسکرین پر ڈیبیو کرتے نظر آئیں گے اور دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ اس فلم کے مرکزی اداکار ہوں گے۔

’صدقے تمہارے‘ نے مداحوں کو خوب متاثر کیا —۔

اس فلم کی کہانی خلیل الرحمٰن قمر نے تحریر کی ہے اور وہ اس فلم کی ہدایات بھی دیں گے، یہ ایک ڈائیریکٹر کی حیثیت سے ان کی پہلی فلم ہوگی۔

اب تک اس فلم کی مرکزی اداکارہ کا اعلان نہیں کیا گیا، تاہم امید ہے کہ جلد اس کا اعلان کیا جائے گا۔

’پیارے افضل‘ اے آر وائے کا کامیاب ڈرامہ ثابت ہوا —۔

خلیل الرحمٰن نے اب تک جتنی بھی کہانیاں تحریر کیں ان سب سے شائقین کو بےحد متاثر کیا ہے، ان کے تحریر کردہ ڈرامے ’پیارے افضل‘، ’صدقے تمہارے‘ اور ’میرا نام یوسف‘ سب ہی کامیاب ثابت ہوئے۔

انہوں نے رواں سال ریلیز ہوئی فلم ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ کی کہانی بھی تحریر کی، جو باکس آفس پر شاندار بزنس کرنے میں کامیاب رہی۔

فلم ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ نے باکس آفس پر کامیاب بزنس کیا —۔

اگر بات فرحان سعید کی کی جائے تو انہوں نے ’اڈاری‘ ڈرامے میں اپنے کردار سے سب کو خوب متاثر کیا تھا، اس ڈرامے میں ان کے ہمراہ ان کی اہلیہ اور اداکارہ عروہ حسین نظر آئیں تھی۔

Read Comments