’بھیانک اور ڈراؤنی‘: دپیکا کو لباس پر پھر سے تنقید کا سامنا
بولی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون صرف اپنی شاندار اداکاری کی وجہ سے ہی نہیں بلکہ فیشن کی وجہ سے بھی پہچانی جاتی ہیں، تاہم کبھی کبھار اپنے ملبوسات پر اداکارہ کو سخت تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑ جاتا ہے۔
حال ہی میں جیو مامی ممبئی فلم فیسٹیول کی اختتامی تقریب کے دوران دپیکا پڈوکون نے ڈیزائنر مونیشا جیسنگ کا ڈیزائن کردہ سبز رنگ کا پینٹ سوٹ زیب تن کیا، جسے لوگوں کی توجہ تو ملی تاہم یہ زیادہ تر منفی رہی اور ٹوئٹر صارفین نے اداکارہ کا خوب مذاق اڑایا۔
دپیکا کا یہ اسٹائل ان کی اسٹائلسٹ شلینا نتھانی نے ترتیب دیا، جنہیں خود بھی دپیکا کے اس انداز کی وجہ سے تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
ایک صارف کے مطابق ’ڈیئر دپیکا، آپ کا چہرا بہت خوبصورت ہے، شلینا نتھانی کو اپنا اسٹائل برباد نہ کرنے دیں، آپ کو ان سے بہتر اسٹائلسٹ مل سکتی ہیں‘۔
کسی نے کہا ’یہ بھیانک ہے‘۔
ایک صارف کا کہنا تھا کہ ’دپیکا ہم آپ سے پیار کرتے ہیں، لیکن یہ (اسٹائل) بہت بُرا ہے بہت ہی زیادہ بُرا‘۔
کسی کے مطابق ’بدقسمتی سے یہ ڈراؤنی لگ رہی ہیں‘۔
جبکہ کسی نے کہا کہ دپیکا ’جوکر‘ لگ رہی ہیں۔
خیال رہے کہ ایسا پہلی بار نہیں ہوا جب دپیکا پڈوکون کو اپنے انداز کی وجہ سے تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہو، 2016 میں اداکارہ نے ایم ٹی وی یورپ میوزک ایوارڈز میں بھی سبز رنگ کا لباس پہنا تھا، جس پر انٹرنیشنل میڈیا نے انہیں ’بولی وڈ کی حماقت‘ کہا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: لباس اور لُکس پر تضحیک کا نشانہ بننے والی بھارتی اداکارائیں
رواں سال جون میں دپیکا پڈوکون نے ایک فوٹو شوٹ کے لیے نہایت مختصر لباس پہنا تھا، جس کے بعد لوگوں نے ان کے اس انداز پر بھی شدید تنقید کی تھی۔