Dawn News Television

شائع 23 اکتوبر 2017 12:37am

کوہلی کی سنچری رائیگاں، بھارت کو پہلے ون ڈے میں شکست

نیوزی لینڈ نے ٹام لیتھ اور روس ٹیلر کی شاندار بیٹنگ کی بدولت بھارت کو پہلے ون ڈے میچ میں چھ وکٹ سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔

ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں بھارت کے کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہوا۔

بھارتی ٹیم 29 رنز پر دونوں اوپنرز شیکھر دھاون اور روہت شرما سے محروم ہو گئی اور اس کے بعد بھی کپتان ویرات کوہلی کے سوا کوئی بھی کھلاڑی نیوزی لینڈ کے باؤلرز کا سامنا نہ کر سکا۔

ویرات کوہلی نے اپنے 200ویں ون ڈے میچ کو یادگار بناتے ہوئے شاندار کھیل پیش کیا اور کیریئر کی 31ویں سنچری اسکور کی اور دو چھکوں اور نو چوکوں کی مدد سے 121 رنز کی اننگز کھیلی۔

ٹام لیتھم نے ناقابل شکست 103 رنز کی اننگز کے دوران دو چھکے اور آٹھ چوکے لگائے— فوٹو: اے ایف پی

دیگر بلے بازوں میں دنیش کارتھک 37، بھوونیشور کمار 26 اور مہندرا سنگھ دھونی 25 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

بھارتی ٹیم نے مقررہ اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 280 رنز بنائے، نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ چار اور ٹم سادھی تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے۔

ہدف کے تعاقب میں کیوی اوپنرز نے اپنی ٹیم کو 48 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا لیکن یکے بعد دیگرے وکٹیں گرنے کے سبب 80 رنز پر نیوزی لینڈ کی ٹیم تین وکٹیں گنوا کر مشکلات سے دوچار ہو گئی تھی۔

اس مشکل مرحلے پر ٹام لیتھ اور تجربہ کار روس ٹیلر وکٹ پر یکجا ہوئے اور اپنی ٹیم کو مشکلات سے نکالنے کا بیڑا اٹھایا۔

دونوں کھلاڑیوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 200 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کی فتح کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ بھارت کے خلاف اپنے ملک کی سب سے بڑی شراکت کا ریکارڈ بھی بنادیا۔

روس ٹیلر 95 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹے۔

نیوزی لینڈ نے ایک اوور قبل ہی ہدف تک رسائی حاصل کر کے میچ جیتنے کے ساتھ ساتھ سیریز میں بھی 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔ناقابل شکست 103 رنز کی اننگز کھیلنے پر ٹام لیتھم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

Read Comments