Dawn News Television

شائع 04 نومبر 2017 08:55pm

آئی فون ایکس میں خرابی کی شکایات

معروف امریکی کمپنی ایپل کا اب تک کا سب سے بہترین فون آئی فون ایکس ہے، جسے حاصل کرنے کے لیے دنیا کے لاکھوں لوگ پریشان ہیں۔

ویسے تو آئی فون ایکس کو رواں برس ستمبر میں متعاراف کریا تھا، تاہم اسے فروخت کے لیے 3 نومبر کو پیش کیا گیا۔

ایپل کے سب سے بہترین فون کو حاصل کرنے کے لیے دنیا کے مختلف ممالک میں لمبی قطاریں دیکھی گئیں۔

آئی فون ایکس کو خریدنے کا سب سے پہلا موقع آسٹریلوی شہریوں کو ملا، تاہم بعد ازاں امریکی، برطانوی، سنگاپوری، کینیڈین اور دیگر ممالک کے شہریوں نے بھی لمبی قطاروں میں کھڑے ہوکر قیمتی آئی فون ایکس کو حاصل کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ایپل کا سب سے 'بہترین' آئی فون ایکس

آئی فون ایکس کو ایک ہزار امریکی ڈالرز یعنی لگ بھگ ایک لاکھ 5 ہزار پاکستانی روپے میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا۔

لیکن آئی فون کو حاصل کرنے والے افراد نے چند ہی گھنٹوں بعد اس میں خرابی کی شکایت کردی۔

صارفین نے ٹوئٹر پر شکایت کی کہ انہیں آئی فون ایکس کو ایکٹیویٹ کرنے میں مسئلہ درپیش ہے۔

صارفین نے جیسے ہی آئی فون ایکس کو ایکٹیویٹ کرنے کی کوشش کی تو انہیں پاپ اپ میسیج موصول ہوا کہ ابھی ایپل کا سرور عارضی طور پر دستیاب نہیں۔

مزید پڑھیں: آئی فون ایکس 60 ہزار ڈالرز میں فروخت کرنے کی کوشش

پاپ اپ میسیج میں صارفین کو یہ بھی مشورہ دیا گیا کہ چند منٹوں بعد فون کو دوبارہ ایکٹیویٹ کرنے کی کوشش کریں۔

تاہم کچھ صارفین نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ وہ گزشتہ 30 منٹ سے فون کو ایکٹیویٹ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، مگر آئی فون ایکس ایکٹیویٹ نہیں ہو رہا۔

آخری اطلاعات کے مطابق آئی فون ایکس کو ایکٹیویٹ کرنے کا مسئلہ صرف امریکی صارفین کو درپیش تھا۔

دوسری جانب ایپل نے تاحال شکایات سامنے آنے کے بعد کوئی وضاحتی بیان بھی جاری نہیں کیا۔

Read Comments