Dawn News Television

شائع 19 نومبر 2017 06:23pm

پاکستان 63 رنز پر ڈھیر، افغانستان پہلی مرتبہ انڈر19 ایشیا کپ کا چیمپیئن

کوالالمپور: افغانستان نے اکرام فیضی اور مجیب کی عمدہ کارکردگی کی بدولت پاکستان کو انڈر19 ایشیا کپ کے فائنل میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 185 رنز سے شکست دے کر چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

کوالالمپور میں کھیلے گئے اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان کے کپتان حسن خان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔

افغانستان کی انڈر19 ٹیم نے پہلے بیٹںگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 248 رنز بنائے، وکٹ کیپر بیٹسمین اکرام فیضی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 10 چوکوں اور دو چھکوں سے مزین ناقابل شکست 107 رنز کی اننگز کھیلی۔

ان کے علاوہ دیگر بلے بازوں میں رحمان گل 40 اور ابراہیم زدران 36 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے محمد موسیٰ نے تین اور شاہین شاہ آفریدی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان انڈر 19 ٹیم بدترین ناکامی سے دوچار ہوئی اور پوری ٹیم 22.1 اوورز میں 63 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

محمد طحہٰ 19 اور حسن خان 10 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ ان کے علاوہ کوئی بھی بلے باز دوہرا ہندسہ عبور نہ کر سکا۔

مجیب زدران نے تباہ کن باؤلنگ کی اور 13 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کی جبکہ قیس احمد نے بھی تین وکٹیں حاصل کیں۔

میچ میں فتح کے ساتھ ہی افغانستان نے پہلی مرتبہ انڈر19 ایشیا کپ کا چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

اکرام فیضی کو میچ جبکہ مجیب زدران کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

Read Comments