Dawn News Television

شائع 20 نومبر 2017 07:03pm

خراب روشنی نے سری لنکا کو یقینی شکست سے بچا لیا

کولکتہ: بھارت اور سری لنکا کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ ڈرا ہوگیا، آخری روز سری لنکا کی ٹیم 231 رنز کے تعاقب میں سات وکٹوں کے نقصان پر 75 رنز بنا سکی اور کم روشنی کی وجہ سے میچ مقررہ وقت سے پہلے ختم کر دیا گیا جس کی بدولت سری لنکا یقینی شکست سے بچ گیا۔

کولکتہ میں ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز بھارت نے اپنی دوسری نامکمل اننگز 171 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو لوکیش راہول 73 اور چیتشوار پجارا 2 رنز پر کھیل رہے تھے اور ایسا محسوس ہوتا تھا کہ ٹیسٹ میچ ڈرا ہو جائے گا لیکن بھارت نے عمدہ بیٹنگ اور باولنگ سے میچ کا نقشہ بدل دیا۔

راہل گزشتہ روز کے اسکور میں صرف چھ رنز کا اضافہ کرنے کے بعد سورنگا لکمل کی گیند پر بولڈ ہوگئے جبکہ پجارا بھی لمبی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 22 رنز بنانے کے بعد لکمل کا نشانہ بن گئے۔

کپتان ویرات کوہلی نے ایک اینڈ سے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور 104 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کی پوزیشن کو مضبوط کر دیا۔

بھارت نے 352 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈیکلیئر کرکے سری لنکا کو جیت کیلئے 231 رنز کا ہدف دیا۔

سری لنکا کی جانب سے سورنگا لکمل اور داسن شناکا نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کا تعاقب سری لنکا کیلئے کسی ڈراونے خواب سے کم نہ تھا اور دو رنز پر دونوں اوپنرز پویلین لوٹ چکے تھے۔

اسکور 14 تک پہنچا ہی تھا کہ بھونیشور کمار نے لہیرو تھریمانے کی اننگز کا خاتمہ کردیا جبکہ امیش یادو نے اینجلو میتھیوز کو آؤٹ کیا تو سری لنکن ٹیم 22 رنز پر چار وکٹوں سے محروم ہو چکی تھی۔

اس موقع پر دنیش چندیمل اور نروشن ڈکویلا نے ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور بھارتی باؤلرز کے خلاف ڈٹ گئے، دونوں کھلاڑیوں نے اسکور 69 تک پہنچایا ہی تھا کہ محمد شامی نے سری لنکن کپتان کی مزاحمت کا خاتمہ کردیا۔

ڈکویلا سے بھی کپتان کی جدائی برداشت نہ ہوئی اور وہ بھی دو گیندوں بعد بھونیشور کمار کو وکٹ دے کر پویلین لوٹ گئے جبکہ دلرووان پریرا بھی صرف سات گیندوں کے مہمان ثابت ہوئے۔

اس موقع پر سری لنکا 75 رنز پر سات وکٹیں گنوا کر یقینی شکست کے خطرے دوچار تھا کیونکہ میچ میں اب بھی 20 اوورز کا کھیل باقی تھا لیکن کم روشنی کے باعث امپائرز نے میچ کو مقررہ وقت سے پہلے ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

سری لنکا کی جانب سے نروشن ڈکویلا 27، کپتان دنیش چندیمل 20 اور اینجلو میتھیوز 12 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

بھارت کی جانب سے بھونیشور کمار نے چار اور محمد شامی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

بھونیشور کمار کو میچ میں مجموعی طور پر 8 وکٹیں لینے پر بہترین پلیئر کا ایوارڈ دیا گیا۔

Read Comments