Dawn News Television

شائع 21 نومبر 2017 12:28am

بنگلہ دیش پریمیئر لیگ: حسن علی پہلے ہی میچ میں مرد میدان قرار

ڈھاکا: : بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں کومیلا وکٹورینز نے حسن علی اور شعیب ملک کی عمدہ کارکردگی کی بدولت ڈھاکا ڈائنامائٹس کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔

شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے لیگ کے 21 ویں میچ میں ڈھاکا ڈائنامائٹس کے کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں پہلا میچ کھیلنے والے حسن علی کی تباہ کن باؤلنگ کے باعث ڈھاکا کی ٹیم 18.3 اوورز میں 128 رنز پر ڈھیر ہوگئی، ون ڈے کے عالمی نمبر ایک باؤلر نے 20 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، محمد سیف الدین نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں کومیلا وکٹورینز نے شعیب ملک کی شاندار بیٹنگ کی بدولت 19.4 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر ہدف تک رسائی حاصل کر لی۔

شعیب ملک نے 54 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ ڈائنامائٹس کی جانب سے محمد عامر اور سنیل نارائن نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔حسن علی کو عمدہ باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

Read Comments