’چھپن چھپائی‘ کا آفیشل پوسٹر ریلیز
پاکستان کی جلد ریلیز ہونے والی ایک اور فلم ’چھپن چھپائی‘ کے فلم ساز نے اس فلم کا پہلا آفیشل پوسٹر ریلیز کردیا۔
اس فلم میں پاکستانی اداکار احسن خان مرکزی کردار ادا کرتے نظر آئیں گے، جبکہ فلم کی کہانی نوجوانوں پر مبنی ہوگی۔
خیال رہے کہ احسن نے ڈان سے بات کرتے ہوئے فلم کے حوالے سے بتایا تھا کہ ’چھپن چھپائی کا اسکرپٹ نوجوانوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا، یہ ایک کامیڈی تھرلر فلم ہے، جس کی کہانی بے روزگار نوجوانوں کے گرد گھومتی ہے جو جلدی پیسے کمانا چاہتے ہیں، اس کے لیے وہ غنڈا گردی کرنے کے ساتھ ساتھ لوگوں کو اغواء بھی کرتے ہیں، لیکن ظاہر ہے آٓخر میں انہیں اس کے نتائج کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے‘۔
فلم میں احسن خان کے علاوہ نیلم منیر بھی اہم کردار ادا کررہی ہیں، جبکہ ناپا سے تعلق رکھنے والے معروف اداکار طلت حسین، ارشد محمود اور عدنان جعفر بھی فلم میں موجود ہیں۔