Dawn News Television

شائع 23 نومبر 2017 07:09pm

ویرات کوہلی دوروں کی ناقص منصوبہ پر اپنے بورڈ پر برہم

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے سخت دورہ جنوبی افریقہ سے قبل ناقص شیڈول اور منصوبہ بندی پر اپنے بورڈ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ناقص منصوبہ بندی کے سبب ہمارے پاس دورہ جنوبی افریقہ کی تیاریوں کیلئے بالکل بھی وقت نہیں ہو گا۔

بھارتی ٹیم اس وقت سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلنے میں مصروف ہے اور ون ڈے و ٹی20 سمیت اس سیریز کے اختتام پر میزبان ملک کو مشکل دورہ جنوبی افریقہ کیلئے روانہ ہونا ہے اور اس ناقص منصوبہ بندی پر بھارتی ٹیم کے کپتان نے بورڈ حکام کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

ویرات کوہلی نے بورڈ پر زور دیا کہ وہ مستقبل میں سیریز کی منصوبہ بندی سے قبل شیدول کا جائزہ ضرور لیں کیونکہ ایسا نہ کرنے کی صورت میں کھلاڑی غیرضروری دباؤ کا شکار ہو جاتے ہیں اور انجری کا خطرہ بھی رہتا ہے۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ دورہ جنوبی افریقہ کی وجہ سے ہم نے بورڈ سے درخواست کی کہ سری لنکا کے خلاف سیریز کے دوران فاسٹ باؤلرز کو معاونت فراہم کرنے والی وکتیں تیار کی جائیں تاکہ ہمیں دورے کی تیاری کا وقت مل سکے۔

بھارتی کپتان نے کہا کہ سری لنکا سے سیریز کے اختتام کے دو دن بعد ہمیں جنوبی افریقہ روانہ ہونا ہے لہٰذا ہمارے پاس اس کے علاوہ اور کوئی چارہ نہ تھا کہ ہم مستقبل میں درپیش چیلنج سے نمٹنے کی تیاری کریں ار جنوبی افریقہ جیسی وکٹوں سے ہم آہنگ ہونے کی کوشش کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر ہمیں تیاری کیلئے ایک ماہ کا عرصہ ملتا تو ہم کیمپ لگا کر باقاعدہ اس کی تیاری کرتے لیکن ہمیں انہی حالات میں رہتے ہوئے دورے کی تیاری کرنی ہے۔

بھارت کی سری لنکا سے سیریز کا اختتام 24 دسمبر کو ہو گا اور بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ پانچ دسمبر کو کھیلا جائے گا۔

کوہلی نے کہا کہ ٹیسٹ میچ کا نتیجہ آنے کے بعد ہر کوئی کھلاڑیوں پر تنقید کے نشتر برسانے شروع کردیتا ہے لیکن میرا ماننا ہے کہ تنقید کرنا اس وقت درست ہے جب ہمیں میچ کی تیاری کیلئے بھرپور وقت دیا جائے اور اگر ہم تیاری کے باوجود بھی کارکردگی نہ دکھا سکیں تو لوگ ہم تنقید کرنے میں حق بجانب ہیں۔

Read Comments