Dawn News Television

اپ ڈیٹ 24 نومبر 2017 07:53pm

اسلامی فوجی اتحاد کی ویب سائٹ متعارف

دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے سعودی عرب کی سربراہی میں قائم اسلامی ممالک کی افواج کے اتحاد کی آفیشل ویب سائٹ متعارف کرا دی گئی ہے۔

اسلامک ملٹری کاﺅنٹر ٹیررازم کولیشن (آئی ایم سی ٹی سی) کی ویب سائٹ تین زبانوں عربی، انگلش اور فرانسیسی میں متعارف کرائی گئی۔

سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق www.imctc.org کے ذریعے اس فوجی اتحاد کی خبریں عام لوگوں کو فراہم کی جائیں گی جبکہ اس اتحاد کے مختلف شعبوں کا ڈیٹا دیکھا جاسکے گا۔

مزید پڑھیں: سعودی اتحاد میں شمولیت:پارلیمنٹ کامشترکہ اجلاس طلب کرنےکا مطالبہ

اس ویب سائٹ کے ذریعے اسلام کے حوالے سے مثبت پیغام لوگوں کو دیا جائے گا، اعتدال پسندی کو فروغ، تحمل مزاجی اور شدت پسندانہ سوچ کو نشانہ بنایا جائے گا۔

آسان الفاظ میں یہ ویب سائٹ عام ڈگر سے کافی ہٹ کر ہوگی۔

ویب سائٹ کے ذریعے عسکریت پسند تنظیموں کے خیالات کی تردید کے لیے مواد اور شواہد بھی فراہم کیے جائیں گے۔

ویب سائٹ کا ایک حصہ دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے والے سرمائے کی روک تھام کے لیے کام کرے گا جبکہ فوجی اتحاد کے درمیان تعاون کی کوششیں،وسائل اور منصوبہ بندی وغیرہ اس ویب سائٹ کا حصہ ہوں گے۔

فوجی اتحاد نے ٹوئٹر اور فیس بک کے لیے بھی تین، تین زبانوں کے علیحدہ، علیحدہ اکاﺅنٹس بنائے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کی سربراہی میں قائم اسلامی ممالک کی افواج کے اتحاد کی افتتاحی تقریب اتوار (26 نومبر) کو ریاض میں منعقد کی جائے گی۔

سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے رواں سال اپریل میں پاکستانی حکومت کی اجازت کے بعد اس فوجی اتحاد کے سربراہ کا عہدہ سنبھالا تھا۔

اتحاد کا لوگو

ویب سائٹ کی طرح اس اتحاد کا لوگو بھی سامنے آیا ہے جو کہ فیس بک اور ٹوئٹر اکاؤنٹس میں دیکھا جاسکتا ہے۔

اسکرین شاٹ

نو کونوں والے ستارے کو سبز پس منظر کے ساتھ سنہری رنگ میں دکھایا گیا جبکہ انگلش اور عربی زبان میں اتحاد کا نام دیا گیا ہے۔

Read Comments