برطانوی گلوکارہ کی ’دما دم مست قلندر‘ پر پرفارمنس
برطانوی گلوکارہ تانیہ ویلز مشرقی موسیقی کو بےحد پسند کرتی ہیں، جن کی قوالی پڑھتے ہوئے ایک نئی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
اس بار تانیہ دبئی میں ایک روڈ پر ’دما دم مست قلندر‘ قوالی پڑھتے ہوئے نظر آئیں، اس موقع پر ان کے ساتھ ان کی جڑواں بہت نکی بھی موجود تھیں۔
تانیہ کی گلوکاری کی یہ ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہی ہے، جس میں وہ صرف گٹار کی دھن پر خوبصورت انداز سے یہ قوالی پڑھ رہی ہیں۔
اس حوالے سے تانیہ نے فیس بک پر بتایا کہ ’ہم دبئی میں موجود تھے جہاں لوگوں کو محظوظ کرنے کے لیے میں نے یہ قوالی پڑھی، لیکن ایک ہفتے بعد ہی مجھے یہ ویڈیو دکھائی گئی جسے بہت سے لوگ شیئر کرچکے تھے، انٹرنیٹ کی دنیا کمال ہے‘۔
مزید پڑھیں: تانیہ ویلز اگست میں پاکستان میں پرفارم کریں گی
خیال رہے کہ تانیہ ویلز کو مقبولیت اس وقت ملی جب انہوں نے مشہور قوالیوں کی گلوکاری کی اور اس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کرنا شروع کیں۔
اس سے قبل دیے ایک انٹرویو میں تانیہ ویلز کا کہنا تھا کہ وہ نصرت فتح علی خان کی بہت بڑی مداح ہیں۔