سری لنکا کو ایک اور شکست، سیریز بھارت کے نام
باؤلرز کی شاندار باؤلنگ اور شیکھر دھاون کی عمدہ سنچری کی بدولت بھارت نے سری لنکا کو تیسرے ون ڈے میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد آٹھ وکٹ سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی۔
بھارت کے قائم مقام کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو ابتدا میں غلط ثابت ہوا۔
جسپریت بمراہ نے دھنشکا گناتھیلاکا کو آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کو ابتدائی کامیابی دلائی لیکن اس کے بعد اپل تھارنگا اور سدیرا سمارا وکراما نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ابتدائی نقصان کا ازالہ کردیا۔
دونوں کھلاڑیوں نے دوسری وکٹ کیلئے 121 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو مضبوط مقام تک پہنچا دیا اور اس شراکت کا کاتمہ اس وقت ہوا جب سمارا وکراما 42 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔
سری لنکا کی ٹیم نہایت آرام سے بڑے اسکور کی جانب گامزن نظر آتی تھی اور ایک موقع پر 27 اوورز میں دو وکٹ کے نقصان پر 160 رنز بنائے تھے لیکن اسی اسکور پر 95 رنز بنانے کے والے تھارنگا کے پویلین لوٹنے کے ساتھ بازی پلٹ گئی۔