Dawn News Television

شائع 28 دسمبر 2017 07:20pm

دنیا کے سب سے چھوٹے موبائل فون سے ملیں

موبائل فون تو آپ نے بہت دیکھیں ہوں گے مگر ایسا نہیں جو کہ یو ایس بی ڈرائیو سے بھی چھوٹا ہو۔

جی ہاں یہ ہے دنیا کا سب سے چھوٹا موبائل فون ٹینی ٹی ون، جس کی لمبائی محض 46.7 ملی میٹر جبکہ وزن 13 گرام ہے۔

اسے برطانیہ سے تعلق رکھنے والی کمپنی زینکو نے تیار کیا ہے جس کے لیے فنڈز اکھٹا کرنے کی مہم فنڈنگ سائٹ کک اسٹارٹر میں جاری ہے۔

مزید پڑھیں : دنیا کا سب سے چھوٹا 4 جی اسمارٹ فون

کمپنی کے مطابق ہمیں دنیا کا سب سے چھوٹا موبائل فون متعارف کرانے پر فخر ہے، یہ اتنا چھوٹا ہے کہ آپ کے لیے یقین کرنا مشکل ہوجائے گا کہ یہ واقعی کام بھی کرتا ہے۔

فوٹو بشکریہ زینکو

اس فون کے ذریعے کالز اور ایس ایم ایس بھیجنے کے ساتھ ساتھ 300 نمبر اور 50 ٹیکسٹ پیغامات محفوظ کیے جاسکتے ہیں۔

یہ فون 2 جی نیٹ ورک پر کام کرے گا اور ایک چارج پر تین گھنٹے لگاتار بات کی جاسکے گی، جبکہ اسٹینڈ بائی ٹائم تین دن ہے۔

اس میں 0.49 انچ کی او ایل ای ڈی ڈسپلے موجود ہے جبکہ چارجنگ کے لیے مائیکرو یو ایس بی پورٹ دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : نیا ننھا موبائل فون جو فیجیٹ اسپنر بھی

نانو سم سلاٹ، مکمل فعال کی بورڈ اور ایک چھوٹا اسپیکر بھی اس کا حصہ ہے۔

فوٹو بشکریہ زینکو

کمپنی کے مطابق اس فون کا موزانہ کسی اسمارٹ فون سے بھی کیا جاسکتا ہے تاہم یہ بیک اپ یا ایمرجنسی فون کے لیے زیادہ موزوں ہے۔

اس فون کو کک اسٹارٹر کی سائٹ پر 35 برطانوی پونڈز (5 ہزار 2 سو پاکستانی روپے سے زائد) میں خریدا جاسکتا ہے۔

Read Comments