Dawn News Television

شائع 30 دسمبر 2017 12:46am

چائے یا کافی میں یہ مصالحہ ملانا توند سے نجات دلائے

بیشتر افراد کا دن چائے یا کافی کے بغیر شروع نہیں ہوتا اور یہ گرم مشروبات متعدد طبی فوائد کے بھی حامل ہوتے ہیں۔

مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ ان مشروبات کے ذریعے آپ توند سے نجات یا اضافی چربی کو بھی پگھلا سکتے ہیں؟

یہ دعویٰ مشی گن یونیورسٹی کی تحقیق میں سامنے آیا۔

مزید پڑھیں : توند سے نجات کے 14 آسان طریقے

تحقیق میں کہا گیا کہ اگر آپ بغیر دودھ کی کافی یا چائے استعمال کریں تو وہ زیادہ فائدہ مند ہے، مگر ان مشروبات کا تلخ ذائقہ پسند نہیں تو ہر کچن میں موجود اس چیز کی ایک چٹکی اس کو شامل کرکے میٹابولزم کو بہتر اور اضافی چربی کو گھلا سکتے ہیں۔

بس ایک چٹکی دار چینی کو گرم مشروب کا حصہ بنا کر آپ اپنے جسم کو اضافی چربی تیز رفتار سے پگھلانے میں مدد حاصل کرسکتے ہیں۔

اس تحقیق کے دوران محققین نے انسانی چربی کے خلیات کے نمونوں کو دار چینی میں پائے جانے والے جز cinnamaldehyde پر آزمایا تو وہ خلیات میٹابولزم کو بہتر بنانے والے جینز اور انزائمے تیار کرنے لگے۔

اس کے نتیجے میں اضافی چربی کو تیزی سے گھلانے میں مدد ملی۔

یہ بھی پڑھیں : توند کو گھلانے میں مددگار 5 مشروبات

محققین کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے کہ اس طریقہ کار سے کتنا وزن کم کیا جاسکتا ہے مگر اس طریقہ کار کو اپنانا فائدہ مند ضرور ثابت ہوتا ہے، کیونکہ دار چینی کو استعمال کرنا کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچاتا۔

تاہم انہوں نے مشورہ دیا کہ ان گرم مشروبات میں چینی کی جگہ اس مصالحے کو استعمال کریں تو ہی فائدہ ہوسکتا ہے۔

Read Comments