32 سال قبل طیارہ اغوا کی کوشش کرنے والے اغوا کاروں کی تلاش کا دوبارہ آغاز
واشنگٹن: امریکی فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) نے 32 سال قبل طیارہ پین ایم فلائٹ 73 کو کراچی سے اغوا کرنے کی ناکام کوشش کرنے والے چار اغوا کاروں کو پکڑنے کا ازسرنو عزم ظاہر کردیا۔
اس مقدمے میں ایف بی آئی کے ایجنٹ نے چاروں اغوا کاروں کی تصاویر کے ہمراہ میڈیا کو جاری بیان میں کہا کہ اس بات سے فرق نہیں پڑتا کہ کتنا وقت گزر چکا ہے یا ہمیں جن بھی رکاوٹوں کا سامنا ہے اس سے قطع نظر ہم پر متاثرین اور ان کے اہلخانہ کا قرض ہے کہ ہم اس سلسلے میں ہار نہ مانیں۔
پانچ ستمبر 1986 کو کراچی ایئرپورٹ پر رکنے والی فلائٹ پین ایم فلائٹ 73 پر حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں مسافروں اور عملے سمیت 20 افراد ہلاک ہو گئے تھے، ہلاک ہونے والوں میں امریکا، بھارت، پاکستان، برطانیہ، اٹلی، ڈنمارک، آئرلینڈ اور میکسکو کے باشندے شامل تھے۔
ایف بی آئی نے چاروں اغوا کاروں ودود محمد حافظ الترکی، جمال سعید عبدالرحیم، محمد عبداللہ خلیل حسین ار رحایل اور محمد احمد ال منور کی بڑھتی عمر کی مناسبت سے تصاویر ازسرنو مرتب کی ہیں تاکہ لوگ انہیں شناخت کر سکیں۔
اس طیارے میں دو امریکی باشندے بھی سوار تھے لہٰذا ایف بی آئی اس وقت تک مشتبہ افراد کو تلاش کرنے کی قانونی طور پر پابند ہے جب تک انہیں امریکا میں مقدمے کے لیے پیش نہیں کیا جاتا یا پھر ان کی موت کی تصدیق نہیں کی ہوجاتی۔