Dawn News Television

شائع 20 جنوری 2018 11:20am

نئی ون ڈے رینکنگ میں آسٹریلیا کی تنزلی

دبئی: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کے اختتام پر آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ نئی ون ے رینکنگ میں جنوبی افریقی ٹیم بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہے جبکہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں ایک، ایک درجہ ترقی پا کر بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر آ گئیں۔

آئی سی سی نے تازہ ترین ون ڈے رینکنگ جاری کر دی جس کے تحت جنوبی افریقن ٹیم 120 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور بھارت اس سے ایک پوائنٹس کمی کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔

انگلش ٹیم کینگروز کے خلاف مسلسل دو فتوحات کے بعد ایک درجہ ترقی کے ساتھ تیسرے نمبر پر آ گئی اور نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ایک روزہ سیریز میں 5-0 سے کلین سویپ کر کے ایک درجہ ترقی حاصل کی اور چوتھے نمبر پر آ گیا۔

عالمی چیمپیئن آسٹریلین ٹیم لگاتار دوسری شکست کے بعد دو درجے تنزلی کے ساتھ تیسرے سے پانچویں نمبر پر چلی گئی۔

پاکستانی ٹیم کیویز کے ہاتھوں ون ڈے سیریز میں 5-0 سے وائٹ واش کے باوجود چھٹے نمبر پر موجود ہے تاہم سیریز میں پانچوں میچ ہارنے کے سبب پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پوائنٹس کا فرق کم ہو کر صرف تین پوائنٹس کا رہ گیا ہے اور سہ ملکی سیریز میں عمدہ کارکردگی کی بدولت بنگلہ دیش پاکستان کو ساتویں نمبر پر دھکیل سکتا ہے۔

رینکنگ میں بنگلہ دیش ساتویں، سری لنکا آٹھویں، ویسٹ انڈیز نویں، زمبابوے دسویں، افغانستان 11ویں اور آئرلینڈ 12ویں نمبر پر موجود ہے۔

Read Comments