Dawn News Television

شائع 20 جنوری 2018 04:33pm

کینسر سے بچنے کیلئے خواتین کو انجلینا جولی ٹیسٹ کی تجویز

برطانوی ماہرین نے دنیا بھر کی 30 سال سے زائد عمر کی خواتین کو تجویز دی ہے کہ انہیں لازمی طور پر کینسر کا خصوصی ’انجلینا جولی جین‘ ٹیسٹ کروانا چاہیے۔

خیال رہے کہ کینسر کے اس ٹیسٹ پر ہولی وڈ کی اداکارہ انجلینا جولی کا نام رکھا گیا ہے۔

اس ٹیسٹ پر اداکارہ کا نام اس لیے رکھا گیا، کیوں کہ انجلینا جولی نے کینسر کے باعث اپنی چھاتی اور دیگر اعضاء کی سرجری کرائی تھی۔

انجلینا جولی کو ’بریسٹ، فلوپئین اور ایوریز‘ کینسر لاحق ہوگیا تھا، جس وجہ سے انہوں نے اپنی چھاتی سمیت بیضہ دانی اور اسے رحم مادر سے ملانے والی نالی کی سرجری کرائی تھی۔

اداکارہ نے خواتین میں کینسر کے شعور اجاگر کرنے کے لیے اپنی کہانی بھی میڈیا کے سامنے بیان کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: بریسٹ کینسر کی نشاندہی کرنے والی عام علامات

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ انجلینا جولی کی والدہ بھی 56 سال کی عمر میں ’ایوریز کینسر‘ کے باعث چل بسیں تھیں، جب کہ ان کے خاندان کے 8 افراد کینسر میں مبتلا رہے۔

اب برطانوی ماہرین نے 30 سال سے زائد عمر کی تمام خواتین خصوصی طور پر برطانوی خواتین کو تجویز دی ہے کہ انہیں انجلینا جولی جین ٹیسٹ کروانا چاہیے۔

برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی‘ کے مطابق لندن کی کوئین میری یونیورسٹی کے ماہرین نے 30 سال یا اس سے زائد عمر کی خواتین کو ’انجلینا جولی جین‘ ٹیسٹ کروانے کی تجویز دی ہے۔

واضح رہے کہ کینسر کے اس خصوصی ٹیسٹ کے ذریعے خواتین کے ’بریسٹ، فلوپئین اور ایوریز‘ سمیت دیگر انتہائی خاص کینسر کے ٹیسٹ کیے جاتے ہیں۔

مزید پڑھیں: کینسر کے خطرات کم کرنے والی غذائیں

اس ٹیسٹ کے ذریعے خواتین کے ڈی این اے سے کینسر سے متعلق خصوصی جین ’بی آر سی اے‘ کا جائزہ لیا جاتا ہے، اس جین کو 2 اقسام میں تقسیم کیا گیا ہے۔

’بی آر سی اے‘ کو ون اور ٹو اقسام میں تقسیم کیا گیا ہے، یہ جراثیم خواتین میں بریسٹ، ایوریز اور فلوپئین کے کینسر کا سبب بنتے ہیں۔

Read Comments