Dawn News Television

شائع 01 فروری 2018 03:44pm

پنجاب میں کاروباری کمپنیوں کی آن لائن رجسٹریشن کی سہولت متعارف

پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کاروباری کمپنیوں کی آن لائن رجسٹریشن کی سہولت متعارف کرادی گئی۔

پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) کی جانب سے متعارف کرائے گئے ’بزنس رجسٹریشن پورٹل‘ کی تقریب رونمائی صوبائی دارالحکومت لاہورمیں ہوئی۔

پنجاب آئی ٹی بورڈ کے مطابق کاروباری کمپنیوں کی آن لائن رجسٹریشن کے پورٹل کی افتتاحی تقریب 31 جنوری کو لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایل سی سی آئی) میں منعقد ہوئی۔

تقریب میں پنجاب بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر عمر سیف، ایل سی سی آئی کے نمائندوں اور دیگر کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب میں چیئرمین پنجاب آئی ٹی بورڈ نے ایل سی سی آئی کے عہدیداروں سمیت کاروباری شخصیات کو شیلڈز بھی پیش کیں۔

واضح رہے کہ کاروباری کمپنیوں کی آن لائن رجسٹریشن کی سہولت متعارف کرائے جانے کے بعد کاروباری حضرات گھر بیٹھے اپنی کمپنیوں کی رجسٹریشن کروا سکیں گے۔

اس سہولت کے تحت صارف آن لائن تمام مطلوبہ دستاویزات و اسناد جمع کراسکیں گے۔

ساتھ ہی اس آن لائن رجسٹریشن پورٹل میں سافٹ ویئرز کی مدد سے ایسا طریقہ کار بھی وضح کردیا گیا ہے، جس کے ذریعے کمپنی کی رجسٹریشن کے لیے درخواست دینے والے شخص کو بذریعہ موبائل یا ای میل پیغام کے باخبر رکھا جاسکے گا۔

فوری طور پر آن لائن کمپنیوں کی رجسٹریشن کی سہولت صرف لاہور ضلع کے افراد کو فراہم کی گئی ہے، تاہم جلد ہی اسے صوبے بھر میں متعارف کرایا جائے گا۔

Read Comments