پاکستان

آئٹم سانگ اور ایکشن سے ’آزاد‘ پاکستانی فلم

فلم پاکستان میں ریلیز ہونے سے قبل ہی کئی عالمی فیسٹیول میں پیش ہوچکی۔

اگرچہ حالیہ برسوں میں پاکستان فلم انڈسٹری میں مار دھاڑ، ایکشن اور آئٹم سانگ سمیت رقص کو بھی فلموں میں شامل کیا جا رہا ہے، تاہم 9 فروری کو ملک بھر میں ایک ایسی فلم سینماؤں کی زینت بن رہی ہے، جس میں کوئی آئٹم نمبر شامل نہیں اور نہ ہی اس میں کوئی ایکشن ہے۔

فلم ساز ریحان شیخ کی فلم ’آزاد‘ پاکستانی فلموں ’یہ جوانی پھر نہیں آنی، نامعلوم افراد، رانگ نمبر، پرچی، پنجاب نہیں جاؤں گی اور چھپن چھپائی‘ کے برعکس آئٹم سانگ اور ایکشن سے آزاد ہوگی۔

’آزاد‘ کو مکمل ہوئے اگرچہ 5 سال گزر چکے ہیں، تاہم اسے اب پاکستان بھر میں ریلیز کیا جا رہا ہے۔

پاکستان میں ریلیز سے قبل یہ فلم ’ساؤتھ ایشین فلم فیسٹیول‘ سمیت دیگر عالمی فیسٹیول میں پیش کی جاچکی ہے، تاہم اچھے ڈسٹری بیوٹر نہ ملنے کی وجہ سے اسے پاکستان میں ریلیز نہیں کیا جاسکا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: صدف کنول کا آئٹم سانگ ریلیز

’آزاد‘ اگرچہ سنجیدہ مووی ہے، تاہم اس میں مداحوں کو کامیڈی کا تڑکا بھی نظر آئے گا، جب کہ فلم کی موسیقی بھی سنجیدہ رکھی گئی ہے۔

فلم کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں صنم سعید، سنبرین ہیسبانی، ریحان شیخ، نمرہ بلوچ اور سلمان شاہد سمیت عباس علی خان، انجلینا ملک اور شمائلہ حسین بھی خصوصی کرداروں میں دکھائی دیں گے۔

ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے ریحان شیخ نے فلم کی نمائش میں تاخیر کے حوالے سے بتایا کہ کیوں کہ ان کی فلم کمرشل بنیادوں پر صرف پیسے کمانے کے لیے نہیں بنائی گئی، جس وجہ سے اس کی نمائش میں تاخیر ہوئی۔

تاہم ساتھ ہی انہوں نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ ان کے پاس اتنے مالی وسائل نہیں تھے کہ فلم کو فوری طور پر ریلیز کیا جائے۔

ریحان شیخ کا کہنا تھا کہ ’آزاد‘ کی نمائش میں تاخیر کی ایک وجہ مصالحہ فلمیں بھی ہیں، جو پاکستانی سینما گھروں میں ہر وقت لگی رہتی ہے، اس لیے وہ اچھے وقت کا انتطار کر رہے تھے۔

مزید پڑھیں: مہوش حیات اپنے آئٹم سانگ سے مطمئن

انہوں نے بتایا کہ وہ آزاد کو موسم سرما میں ریلیز کرنا چاہتے تھے، تاہم پھر انہوں نے اس کی نمائش کے لیے فروری کا انتخاب کیا۔

خیال رہے کہ فلم کو شوٹنگ 2013 کے آخر میں ہی مکمل کرلی گئی تھی، جب کہ اس کا پہلا ٹیزر ستمبر 2015 میں ریلیز کیا گیا تھا۔

’آزاد‘ کا نیا ٹریلر گزشتہ ماہ 13 جنوری کو بھی ریلیز کیا گیا تھا، جب کہ 28 جنوری کو اسی فلم کا گانا ’ٹھہرے حضور‘ بھی ریلیز کیا گیا تھا۔