Dawn News Television

شائع 22 فروری 2018 04:12pm

جسٹن ٹروڈو تاج محل ہی نہیں بولی وڈ کے بھی دیوانے نکلے

کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو ان دنوں اپنے طویل ترین بھارتی دورے پر موجود ہیں، جہاں وہ 17 فروری کو پہنچے اور 23 فروری تک وہاں رہیں گے۔

جسٹن ٹروڈو کے ساتھ اپنی اہلیہ اور دونوں بچے بھی ساتھ ہیں، اور انہوں نے اہل خانہ سمیت تقریبا بھارت کے تمام معروف مقامات کی سیر کی۔

جسٹن ٹروڈو جہاں تاج محل گئے، وہیں انہوں نے گولڈن ٹیمپل اور مہاتما گاندھی پارک کا دورہ بھی کیا۔

ساتھ ہی اس دورے کے دوران کینیڈین وزیر اعظم نے بولی وڈ سے بھی اپنا ناتا جوڑا اور ایک تقریب میں شرکت کی۔

21 فروری کو ممبئی میں ہونے والی اس تقریب میں جسٹن ٹروڈو اور ان کے اہل خانہ روایتی بھارتی لباس پہن کر شریک ہوئے۔

اس تقریب میں جسٹن ٹروڈو عام شخص کی طرح بولی وڈ ستاروں سے تصویریں کھچواتے اور اپنے ٹوئیٹر پر شیئر کرتے رہے۔

جسٹن ٹروڈو نے اپنی ٹوئیٹس میں بتایا کہ بولی وڈ اور کینیڈین فلم انڈسٹری کے درمیان مشترکہ طور پر فلمیں بنانے کا معاہدہ بھی ہوا۔

جسٹن ٹروڈو نے بولی وڈ خانز شاہ رخ اورعامر خان سمیت انوپم کھیر اور فرحان اختر کے ساتھ بھی تصاویر کھچوائیں۔

تمام تصاویر: بشکریہ جسٹن ٹروڈو ٹوئٹر

Read Comments