ہونڈا کی یہ منفرد گاڑی خریدنا پسند کریں گے؟
ہونڈا نے اپنی منفرد کانسیپٹ گاڑی اربن ای وی اگلے سال فروخت کرنے کے لیے پیش کرنے کا اعلان کیا ہے۔
جنیوا موٹر شو کے دوران جاپانی کمپنی نے اعلان کیا کہ وہ اس چھوٹی الیکٹرک گاڑی کا پروڈکشن ورژن 2019 کے شروع میں متعارف کرائے گی اور اسے 2019 کے آخر تک یورپ میں فروخت کے لیے پیش کردیا جائے گا۔
تاہم دیگر خطوں میں اسے متعارف کرانے کے حوالے سے کمپنی نے کوئی بات نہیں کی۔
مزید پڑھیں : ہونڈا کی اس گاڑی نے سب کا دل جیت لیا
یہ کانسیپٹ گاڑی سب سے پہلے گزشتہ سال ستمبر میں فرینکفرٹ انٹرنیشنل موٹر شو کے دوران پیش کی گئی تھی جو کہ کمپنی کی جانب سے اپنی اولین چھوٹی گاڑیوں کو خراج تحسین بھی تھا۔
ویسے یہ توقع تو نہیں کہ گزشتہ سال والی کانسیپٹ گاڑی جیسے ورژن کو ہی فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا تاہم اس کا ڈیزائن ضرور ویسا ہی ہوگا۔
کمرشل بنیادوں پر اسے پیش کرنے پر کمپنی کی جانب سے اس ٹیکنالوجی کو نکالے جانے کا امکان ہے جو کانسیپٹ گاڑی میں موجود تھی۔
یعنی الٹراوائیڈ ٹچ اسکرین یا چوکور اسٹیئرنگ وہیل اور لکڑی کا ڈیش بورڈ وغیرہ۔